0
Wednesday 28 Mar 2012 19:22

پچاس سنی مفتیوں نے اجتماعی فتویٰ میں نیٹو سپلائی کی بحالی کو غیرشرعی اور غیراسلامی قرار دیدیا

پچاس سنی مفتیوں نے اجتماعی فتویٰ میں نیٹو سپلائی کی بحالی کو غیرشرعی اور غیراسلامی قرار دیدیا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل سے وابستہ پچاس مفتیوں نے اجتماعی فتویٰ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نیٹو سپلائی بحال کی گئی تو یہ فیصلہ غیر شرعی، غیر اسلامی اور اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہو گا۔ مفتیانِ اہلسنّت نے اپنے فتویٰ میں کہا ہے کہ برادر اسلامی ملک افغانستان میں بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام کرنے والی فوجوں کے ساتھ کسی بھی طرح کا تعاون شرعی لحاظ سے درست نہیں، پاکستان کو امریکی اور نیٹو افواج کو سہولتیں فراہم کرنے کی بجائے انہیں فوراً افغانستان سے نکل جانے پر مجبور کرنا چاہیے، جارح ملک کا ساتھ دینا کسی بھی طرح جائز نہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے مفتیوں نے فتویٰ میں کا ہے کہ امریکہ کی اسلام اور پاکستان دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے، امریکہ عراق اور افغانستان کے لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کا قاتل ہے، امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے تین ہزار بے گناہ پاکستانیوں کو شہید کر چکا ہے اور سلاسلہ چیک پوسٹ کے 26 فوجی جوانوں کو خون میں نہلا چکا ہے، امریکی فوجی قرآن مجید کی بے حرمتی کا ارتکاب کر چکے ہیں اور امریکہ نے پاکستان کی بیٹی عافیہ صدیقی کو بلاوجہ قید کر رکھا ہے، امریکہ بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کو پیسہ اور اسلحہ فراہم کر رہا ہے نیز امریکہ مسلمانوں کے دشمن اسرائیل اور کشمیری مسلمانوں کے قاتل بھارت کی مسلسل سرپرستی کر رہا ہے۔

مفتیوں کا کہنا ہے کہ اس لیے اسلام، پاکستان اور انسانیت کے سب سے بڑے دشمن امریکہ کے ساتھ کسی بھی طرح کا تعاون غیراسلامی فعل ہو گا۔ مفتیانِ کرام نے اپنے فتویٰ میں کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی اجتماعی قومی غیرت کے منہ پر طمانچہ ہو گی، اس لیے پاکستان کی پارلیمنٹ اور حکمران نیٹو سپلائی کی مستقل بندش کے فیصلے پر قائم رہیں اور افغانستان میں مسلمانوں کا قتل عام کرنے والی فوجوں کو اسلحہ اور دوسرا سامان پہنچانے کے لیے راہداری فراہم کرنے کی اجازت نہ دیں کیونکہ یہ عمل مسلمانوں کے قتل عام میں شریک ہونے کے مترادف ہے اور اسلامی غیرت و حمیت اور دینی اخوت کے منافی ہے۔

جن مفتیوں نے فتویٰ جاری کیا ہے ان میں علامہ پیر محمد افضل قادری، شیخ الحدیث مولانا محمد شریف رضوی، مفتی محمد سعید رضوی، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، مفتی محمد عمران حنفی، علامہ پیر اطہر القادری، علامہ محمد داؤد رضوی، مفتی محمد عارف سعیدی، علامہ باغ علی رضوی، علامہ سید ظاہر شاہ، علامہ محمد اکبر نقشبندی، علامہ قاری خالد محمود نقشبندی، مولانا سید صابر گردیزی، علامہ ضیاء المصطفیٰ حقانی، مولانا قاری مختار احمد صدیقی، علامہ سید فدا حسین شاہ حافظ آبادی، علامہ رفیق احمد شاہ جمالی، مولانا فیض بخش رضوی، علامہ سید شمس الدین بخاری، علامہ فاروق سلطان قادری، مفتی ظفر جبار چشتی، علامہ حافظ محمد یعقوب فریدی، مولانا محمد علی نقشبندی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، علامہ صاحبزادہ عبدالمالک، علامہ صاحبزادہ محمد عثمان غنی اور دیگر شامل ہیں۔ 

خبر کا کوڈ : 148763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش