0
Sunday 1 Apr 2012 21:57

کشمیر، ڈاکٹر فائی کی دو سال قید کی سزا پر مزاحمتی جماعتیں برہم

کشمیر، ڈاکٹر فائی کی دو سال قید کی سزا پر مزاحمتی جماعتیں برہم
اسلام ٹائمز۔ کشمیری الاصل امریکی شہری اور کشمیر امریکن کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام نبی فائی کو ایک امریکی عدالت کی جانب سے 2 برس قید کی سزاء سنانے کے فیصلے پر سرحد کے آر پار کی کشمیری مزاحمتی جماعتوں اور لیڈران نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، بیشتر مزاحمتی جماعتوں اور لیڈران کا کہنا ہے کہ فائی کو سزا دینے کا مقصد امریکہ کی جانب سے بھارت کو خوش کرنے کی ایک کوشش ہے، آزادی پسند جماعتوں اور لیڈران نے کشمیر کی تحریک کے حوالے سے فائی کے رول کو سراہتے ہوئے جدوجہد کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، حریت چیئرمین سید گیلانی اور غلام نبی سمجھی نے ڈاکٹر فائی کی سزاء پر اپنے زبردست صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ فائی کشمیری قوم کے سفیر ہیں، جو سالہا سال سے کشمیر کاز کیلئے پرامن طریقے سے سفارتی سطح پر سرگرم عمل ہیں۔
 
مزاحمتی لیڈران نے کہا ہے کہ ڈاکٹر فائی بھارت کی سفارتی سازشوں کا شکار ہوئے ہیں اور انکو لابی انگ کرکے ایک بےبنیاد کیس میں پھنسایا گیا ہے، علی گیلانی نے فائی کے معاملے پر غور و خوض کیلئے 3 اپریل کو ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس میں اس واقعہ کے تمام پہلوؤں اور مضمرات پر غور ہو گا اور آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ حریت کانفرنس (ع) ترجمان نے کہا ہے کہ تحریک کشمیر کیلئے بیش بہا جانی و مالی قربانیاں دی جا رہی ہیں اور مسئلہ کشمیر کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کئی محاذوں پر کام ہو رہا ہے چنانچہ سفارتی محاذ کے حوالے سے Kashmir Diaspora کا رول انتہائی قابل ستائش ہے، جس میں کشمیر امریکن کونسل کے ڈائریکٹر غلام نبی فائی نے ایک طویل مدت تک انتہائی قابل قدر کردار ادا کیا ہے جسے ہرگز فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
 
انہوں نے کہا کہ اس لئے موصوف کیخلاف امریکی انتظامیہ کی کارروائی انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، حریت ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود حصول مقصد تک ہماری سیاسی اور سفارتی سطح پر تحریکی سرگرمیاں جاری و ساری رہیں گی۔ ادھر حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر اور متحدہ جہاد کونسل کے چئیرمین سید صلاح الدین نے ڈاکٹر غلام نبی فائی کو سزا دینے کے فیصلے کی مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ بھارت کو خوش کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے اور اس سے کشمیر کاز کے حوالے سے امریکہ کی سردمہری اور دوہرا معیار کھل کر سامنے آتا ہے، دنیا یہ بھی جانتی ہے کہ ایبٹ آباد واقعہ کے ذمہ دار ڈاکٹر شکیل آفریدی کی گرفتاری بھی ڈاکٹر فائی کی گرفتاری اور سزا کی ایک وجہ بن گئی ہے اور اس طرح پاکستانی اور امریکی انٹیلی جنس کے اداروں کے تصادم کے نتیجے میں ڈاکٹر فائی کو قربانی کا بکرا بنایا گیا۔
 
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فائی تین دہائیوں سے امریکہ میں کشمیر کے لئے سفارتی محاذ پر کام کر رہے ہیں، کیا ایبٹ آباد واقعہ سے پہلے امریکی انٹیلی جنس ایجنسیاں اس کے کردار سے باخبر نہیں تھیں، سید صلاح الدین نے کہا کہ امریکی رویے اور عدالت کے اس فیصلے سے ستم رسیدہ کشمیریوں کے زخموں کی نمک پاشی ہوئی ہے، سید صلاح الدین نے آزادی پسند اقوام کو یقین دلایا کہ حالات کیسے بھی ہوں کشمیری قوم انشاءاللہ منزل حاصل کر کے ہی دم لے گی اور اس مقصد کے حصول کے لئے مجاہدین کشمیر اپنے خون کے آخری قطرہ بہانے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 149489
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش