0
Sunday 8 Apr 2012 21:59

نیٹو سپلائی بحال ہوئی تو خودکش حملوں کا سونامی آجائیگا، شیخ رشید

نیٹو سپلائی بحال ہوئی تو خودکش حملوں کا سونامی آجائیگا، شیخ رشید
 اسلام ٹائمز۔ لاہور میں عوامی مسلم لیگ کے سب آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو ایتھوپیا بنانا چاہتا ہے بھٹو کے بھارت کے ساتھ مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے آصف علی زرداری کیسے کامیاب ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں جیسے بے ایمان اور کرپٹ حکمران میں نے آج تک نہیں دیکھے، بلا ل گنج سے پرانے انجن خرید کر کمیشن کھائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی بحال ہونے جا رہی ہے نواز لیگ سمیت تمام سیاسی جماعتیں اس کے حق میں نظر آ رہی ہیں اگر نیٹو سپلائی بحال ہوئی تو ملک میں خودکش حملوں کا سونامی آ جائے گا سب سے زیادہ نشانہ پنجاب بنے گا، حکمران ہر معاملے میں کمیشنز کھاتے ہیں اور آج تک بجلی کا مسئلہ بھی حل نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ حاجیوں کو چاہیے کہ سعودی عرب سے کنکریاں لے کر آئیں اور پاکستان کے ایوانوں میں بیٹھے شیطانوں کو کنکریاں ماریں، جب تک مسائل زدہ لوگ پارلیمنٹ میں نہیں جائیں گے، ملکی مسائل کا حل ممکن نہیں۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران کرپٹ ترین ہیں اور ان کا ایجنڈا صرف لوٹ مار کرنا ہے ان کو ملک اور عوام کی کوئی فکر نہیں اور پاکستان میں جتنی بے ایمانی اور کرپشن آج ہو رہی ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی اور حکمران کرپشن کو خود پر فرض سمجھ کر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں نے پاکستان کو کئی مرتبہ بے وقوف بنایا ہے مگر عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے حقوق کیلئے اٹھ کھڑی ہو اور اپنے جیسے لوگوں کو کامیاب کروا کر پارلیمنٹ میں بھجوائے کیونکہ جب تک مسائل زدہ لوگ پارلیمنٹ میں نہیں جائیں گے اس وقت تک مسائل کا حل ممکن نہیں بلکہ مسائل میں مزید اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی بھی امریکہ کو ناراض نہیں کرنا چاہتی اور حکمرانوں نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر نیٹو سپلائی کی بحالی کا فیصلہ کر لیا ہے اور میں دعوی سے کہتا ہوں کہ سپلائی بحال ہونے جا رہی ہے اور اگر خدانخواستہ نیٹو سپلائی بحال ہوئی تو ملک میں خودکش حملوں کا سونامی آ جائے گا اور حالات مزید خراب ہوں گے اور سب سے زیادہ نشانہ پنجاب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو بحالی سپلائی کے معاملے پر سیاستدان پارلیمنٹ کے اندر کچھ کہتے ہیں اور پارلیمنٹ کے باہر آ کر کچھ کہہ رہے ہوتے ہیں جو ان کی منافقت اور دوغلی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی جاگیر دار، وڈیرہ اور حکمران ٹیکس نہیں دیتا بلکہ سب ٹیکس غریبوں سے لئے جاتے ہیں اور حکمران ان ٹیکسز سے عیاشیاں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے دورہ بھارت کو ایسے پیش کیا جا رہا ہے جیسے تمام مسائل حل ہو گئے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کا پانی بند کر کے پاکستان کو ایتھو پیا بنانا چاہتا ہے مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے حکمران اور کوئی بھی سیاسی جماعت اس پر واضح موقف اختیار کرتے نظر نہیں آتی۔ 


خبر کا کوڈ : 151565
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش