0
Tuesday 10 Apr 2012 01:36

حکمران جمہوریت کے نام پر عوام سے بدترین انتقام لے رہے ہیں، وسیم اختر

حکمران جمہوریت کے نام پر عوام سے بدترین انتقام لے رہے ہیں، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران جمہوریت کے نام پر عوام سے بدترین انتقام لے رہے ہیں، قوم کو چھوٹے مسائل میں الجھانا دشمنوں کا ایجنڈا ہے، مشرق مغرب ہر طرف سے پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، حافظ سعید پر من گھڑت الزامات کے بعد صدر کا دورہ بھارت غیر دانشمندانہ اقدام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سے بہاولپور جاتے ہوئے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے ادراک کا دعوی کرنے والے حکمرانوں نے عوام کو زندہ درگور کردیا ہے، چار سالہ کارکردگی میں کرپشن اپنی انتہاء تک پہنچ گئی ہے، جیالے اور متوالے سرکاری اداروں میں اہم عہدوں پر چن چن کر لگائے جارہے ہیں۔ پی آئی اے، اسٹیل ملز، ریلوے سمیت دیگر ادارے بھی خسارے میں چل رہے ہیں، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اعلانیہ کرپٹ عناصر کا دفاع کر رہے ہیں جو کہ ان کے منصب اعلی کی توہین اور آئین پاکستان سے غدار ی کے مترادف ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا وقار بری طرح مجروح کیا جا رہا ہے۔ آئندہ انتخابات میں عوام محب وطن ہونے کا ثبوت دیں اور ایسے لوگوں کو آگے لائیں جو حقیقی معنوں میں ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہوں، پاکستان اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک پڑھی لکھی اور دیانتدار قیادت اقتدار میں نہیں آتی۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ ملتان سمیت پورا صوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے، آئے روز کڑوروں روپے کی چوریاں اور ڈکیتیاں وزیراعلی کی گڈگورننس پر سوالیہ نشان ہیں، صوبے میں جرائم کی شرح میں 21فیصد تک اضافہ تشویش ناک ہے، لیپ ٹاپس اسکیم میں بھی کرپشن کی کہانیاں میڈیا پر آرہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 151844
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش