0
Saturday 14 Apr 2012 14:56

انتخابات ملتوی کرانے کی کوشش کی گئی تو انقلاب کی راہیں ہموار ہونگی، سید منور حسن

انتخابات ملتوی کرانے کی کوشش کی گئی تو انقلاب کی راہیں ہموار ہونگی، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ اگر انتخابات ملتوی کرانے کی کوشش کی گئی تو پھر انقلاب کی راہیں ہموار ہوں گی، جب لاکھوں لوگ ایک کال پر جمع ہونے کیلئے تیار ہوجائیں تو تبدیلی انتخابات سے بھی آسکتی ہے اور انقلاب سے بھی۔ قوم غلامی کی دستاویز پر دستخط کرنے کیلئے تیار نہیں نیٹو سپلائی روکنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ جماعت اسلامی کی تمام تر جدوجہد کا مقصد اللہ کی رضا کا حصول ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت 15 اپریل سے 31 مئی تک چلائی جانے والی رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں ادارہ نور حق میں منعقدہ ہر سطح کے ناظمین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی اور سیکریٹری نسیم صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امراء برجیس احمد، ڈاکٹر عبدالواسع شاکر، حافظ نعیم الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے۔

سید منور حسن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن رابطہ عوام مہم کے ذریعے سیاسی خلا کو پر کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں انتخابات جیتنے کیلئے دھونس، دھمکی، دھاندلی اور دھن و دولت کا جس طرح سہارا لیا جاتا ہے وہ کسی سے مخفی نہیں اس کے مقابلے میں جماعت اسلامی اصولوں کی پاسداری کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں انتخابات کا ہونا نہ ہونے سے بہتر ہے، معاشرتی اقدار و اور مستقبل کے حوالے سے انتخابات ضروری ہیں، لوگوں کے دلوں کو جیتنے کے لئے رابطہ عوام ضروری ہے، رابطہ عوام مہم عوام کو مایوسی سے نکالنے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پوچھا جاتا ہے کہ تبدیلی کیسے آئے گی عوام کی تائید سے تبدیلی آئے گی اگر ایک کال پر لاکھوں عوام جمع ہوجائیں تو تبدیلی انتخابات سے بھی آجائے گی اور انقلاب سے بھی۔ انہوں نے کہا کہ گو امریکا گو کی تحریک کے ذریعے ہم نے امریکا کے ظلم کو آشکار کیا ہے اور بڑے پیمانے پر امریکا کے خلاف نفرت پیدا ہوئی ہے۔ خود امریکی اہلکار بھی یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ مسلم دنیا میں امریکا کا گراف گر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں سے بہتر حکمران امریکا کو نہیں مل سکتے، اگر انتخابات ملتوی کرانے کی کوشش کی گئی تو پھر انقلاب کی راہیں ہموار ہوں گی۔ نیٹو سپلائی کی بحالی کیلئے سفارشات کا ڈرامہ رچایا جارہا ہے سپلائی روکنے کیلئے ہم آخری حد تک جائیں گے، قوم کسی غلامی کی دستاویز پر دستخط کیلئے تیار نہیں۔
خبر کا کوڈ : 153202
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش