0
Sunday 15 Apr 2012 15:33

ملک کو فرقہ واریت کی طرف دھکیلنے کی سازش ہورہی ہے، ثروت اعجاز قادری

ملک کو فرقہ واریت کی طرف دھکیلنے کی سازش ہورہی ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پوری قوم پاکستان کو اعتدال پسند، آزاد اور خودمختار ریاست دیکھنے کی تمنا رکھتی ہے۔ نیٹو سپلائی کی بحالی سے قبل پوری قوم کو اعتماد میں لیا جائے۔ ڈرون حملے ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور بے گناہ افراد کے قتل کا باعث ہیں امریکہ سے کہا جائے کہ ڈرون ٹیکنالوجی پاکستان کو فراہم کی جائے تاکہ ضرورت پڑنے پر اسے دہشت گردوں کے خلاف استعمال کیا جاسکے۔ ملک کو فرقہ واریت کی طرف دھکیلنے کی سازش ہورہی ہے۔ کوئٹہ، گلگت، بلتستان میں مذہبی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ سازش کی کڑی ہے۔ تمام ٹیکس غریب عوام سے بجلی، گیس اور فون کے بلوں میں وصول کیے جارہے ہیں مگر بااثر لوگ ٹیکس چوری کے ساتھ عیش و عشرت کی زندگی بسر کر رہے ہیں، حکمران بااثر اور امیر افراد سے ٹیکس کی وصولیابی کو یقینی بنائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہل سنت پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں علامہ قاسم ساسولی کا قتل ملک کو فرقہ وارانہ آگ میں دھکیلنے کی سازش ہے لیکن ہماری پرامن پالیسی نے سازشی قوتوں کے ناپاک عزائم کو زمین بوس کردیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکومت قومی سلامتی و خود مختاری کے لیے عوام کی امنگوں کے تحت فیصلے کرے اور ملک کو آگے کی طرف لے جانے کے لیے پارلیمنٹ سے باہر جماعتوں سے بھی مشاورت کے ساتھ آگے بڑھا جائے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک و قوم کے لیے کی جانے والی حکومتی مثبت پالیسیوں کا پاکستان سنی تحریک بھرپور ساتھ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ملک کو مستحکم کرنے کے لیے دہشت گردوں سے کسی بھی قسم کی رعایت کیے بغیر ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے، کالعدم جماعتیں جو بیرونی پے رول پر آزادانہ طریقے سے کام کررہی ہیں ان کی نقل و حمل کو روکنے کے لیے قانون کو بھرپور طریقے سے حرکت میں لایا جائے، جب ملک میں امن ہوگا تو سرمایہ دار ملک میں سرمایہ داری بلاخوف خطر کریں گے، اس سے نہ صرف ملک میں خوشحالی آئے گی بلکہ بیروزگاری بھی دم توڑ دے گی۔
خبر کا کوڈ : 153466
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش