0
Monday 16 Apr 2012 20:51

حکمران ذاتی مفادات کی خاطر قومی سلامتی کو داؤ پر لگا رہے ہیں، لیاقت بلوچ

حکمران ذاتی مفادات کی خاطر قومی سلامتی کو داؤ پر لگا رہے ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے عملاً اپنی قرار داد کے ذریعے امریکہ سے غلامی کے معاہدے کی نئی آفر دی ہے۔ فوجی آمر کی پالیسیوں کی شراب کو از سر نو پارلیمانی بوتل میں ڈالا گیا ہے۔ اوباما، ہیلری کلنٹن اور امریکی جرنیلوں کا دباؤ کام آ رہا ہے۔ حکومت اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتیں امریکی ایجنڈے کے لیے رام کر لی گئی ہیں۔ امریکہ افغانستان میں ناکام ہو گیا ہے۔ نیٹو فورسز کے افغانستان میں پاؤں اکھڑ گئے ہیں۔ افغان حریت پسند نیٹو فورسز اور ان کی تنصیبات پر فیصلہ کن حملے کر رہے ہیں۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں نے بار بار اپنا موقف تبدیل کیا اور ترامیم تو کرالی لیکن عملاً اس سارے عمل کا فائدہ صدر آصف زرداری کو ہوا۔ کرپٹ حکمرانوں کی حکمرانی کو پارلیمانی اپوزیشن نے آکسیجن فراہم کر دی ہے۔ اب پارلیمنٹ متنازعہ ہے۔ امریکہ سے تعلقات اور نیٹو فورسز کو سپلائی کے ایشو پر آئین کے مطابق ریفرنڈم کرایا جائے۔ انہوں نے یہ بات لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام نیٹو فورسز کو سپلائی بحال کرنے کے خلاف ہیں اور وہ امریکی غلامی قبول کرنے اور افغانستان کے عوام کے خلاف امریکی جارحیت کا حصہ رہنے کے لیے تیار نہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک امریکی غلامی اور پارلیمنٹ زرداری کی غلامی سے آزاد کرائی جائے۔ انہوں نے بلوچستان کے حالات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بلوچستان، کراچی اور گلگت بلتستان میں فرقہ واریت، بے گناہ انسانوں کے قتل عام، اسلام آباد پر قابض حکمران اپنے غیر آئینی اور عدلیہ کی توہین کے اقدامات کو تحفظ دینے کے لیے فوج اور عدلیہ کو سخت پیغام دے رہے ہیں۔ ان تینوں اداروں میں پیپلز پارٹی کی حکمرانی ہے اور صدر زرداری ہی آل ان آل ہیں۔ حکمران ذاتی مفادات کی خاطر قومی سلامتی کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ پروفیسر حافظ محمد سعید کے خلاف امریکی اقدامات، اہل سنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی کے خلاف اقدامات اور اہل تشیع کے خلاف مسلسل کاروائیاں، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا ایک ہی مائنڈ ماسٹر ہے اور یہ وہ قوت ہے جو پاکستان کو غیر مستحکم اور ناکام ریاست ثابت کرنا چاہتی ہے۔ امریکہ اور اس کے ایجنٹ نیٹو سپلائی کی بحالی کے لیے عوام کو مجبور اور خوفزدہ کر رہے ہیں لیکن عوام نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے اور طاقت سے ان کے راستے روکے جائیں گے اور پرامن احتجاج جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 153875
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش