0
Wednesday 18 Apr 2012 17:51

صدر، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سرائیکیوں کے نام پر سیاسی دکانداری مت کریں، سید وسیم اختر

صدر، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سرائیکیوں کے نام پر سیاسی دکانداری مت کریں، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن، لوٹ مار اور بد عنوانی سے ادارے تباہ ہو چکے ہیں، اتحادی حکمران اپنے اقتدار کے بچاؤ کی کوشش میں مصروف ہیں، امریکی مداخلت اور ان کی جی حضوری سے ملکی سالمیت خطرات سے دوچار ہے، صدر، وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ سرائیکیوں کے نام پر سیاسی دکانداری نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے، غریب غریب تر ہوتا جا رہا ہے، جو لوگ کل تک حکومت کا حصہ رہے ہیں آ ج ان کے کارناموں کا پردہ چاک کر رہے ہیں، زرداری اور نواز لیگ عوام مسائل میں اضافہ کا سبب بن رہے ہیں، بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دے کر لاکھوں کشمیری عوام کے خون سے غداری کی گئی ہے، اس معاہدہ سے سب سے زیادہ فائدہ بھارت کو ہو گا، افغانستان تک تجارتی رسائی سے ہماری منڈیاں اور اجناس کی ویلیو ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی دباؤ پر کیے گئے فیصلے قوم کسی صورت قبول نہیں کرے گی، بدقسمتی سے ہمارا اجتماعی نظام اسلام سے ہٹا ہوا ہے، ہندوانہ کلچر اور مغرب کی غلامی کی وجہ سے ہم پستی کی طرف جا رہے ہیں، جماعت اسلامی کا منشور ہے کہ اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ کریں گے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کسان بورڈ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکار طبقہ انتہائی مجبور اور بے بس ہو چکا ہے، فصلوں پر ہزاروں روپے خرچ کرنے کے بعد ان کو اجناس کی صحیح قیمت نہیں دی جاتی، ظالمانہ نظام میں ہر طرف سے محروم طبقوں کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ جماعت اسلامی بحالی صوبہ بہاولپور تحریک کا ہراول دستہ ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ملتان، ہزارہ سب کو ان کا حق دیا جائے، ہم سرائیکیوں کے حقوق کے لئے بھی انتظامی بنیادوں پر ان کی حمایت کرتے ہیں، وزیر اعظم اور صدر زرداری سرائیکیوں کے نام پر سیاست اور دکانداری نہ کریں، محکمہ جاتی بھرتیوں میں ایم پی اے، ایم این اے کا کوٹہ مقرر کرنے سے میرٹ کی دھجیاں اور رشوت اور سفارشی کلچر کو فروغ ملے گا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 154476
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش