0
Wednesday 2 May 2012 22:51

توہین قرآن کے مسئلہ پر مسلم حکمران متحد ہو جائیں، عبدالرحمان مکی

توہین قرآن کے مسئلہ پر مسلم حکمران متحد ہو جائیں، عبدالرحمان مکی
اسلام ٹائمز۔ جماعتہ الدعوہ پاکستان شعبہ سیاسی امور کے سربراہ اور دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنماء حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا ہے کہ قرآن مجید کی بے حرمتی کر کے حقوق انسانی اور مذاہب کی آزادی کا نام نہاد علمبردار امریکہ خود دہشت گردی کا ارتکاب کر رہا ہے، ملعون پادری نے سرکاری سرپرستی میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعتہ المبارک کو ملک بھر میں یوم احتجاج منائا جائے گا، علماء کرام اپنے خطبات میں قرآن کریم کی عظمت اور صیلیبی و یہودی سازشوں کو بیان کریں، بدھ کو ملتان سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صلیبی و یہودی مسلمانوں کے مقابلہ میں اپنے نظاموں کو بکھرتے ہوئے اور اسلام کی دعوت کو تیزی سے پھیلتا دیکھ کر گستاخیاں کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ہمیں قرآن سے رہنمائی لیکر لائحہ عمل ترتیب دینا چاہیے، قرآن پاک کی بے حرمتی اور شان رسالت صلی اللہ علیہ وسلم میں گستاخیاں روکنے کے لئے مسلمان قربانیوں کا راستہ اختیار کریں، امریکہ اور اس کے اتحادی منظم منصوبہ بندی کے تحت جان بوجھ کر دنیا کا امن برباد کر رہے ہیں، حالیہ واقعہ سے امریکہ کے خلاف عالم اسلام میں نفرت اور انتقام کے جذبات مزید بھڑکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ توہین قرآن کے مسئلہ پر مسلم حکمران متحد ہو جائیں، پاکستانی حکمران قرآن مجید کے بے حرمتی کرنے والے نام نہاد اتحادیوں سے فوری طور پر تعلقات منقطع کریں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ کتاب اللہ کی متواتر توہین کرنے والے ممالک سے تعلقات رب کی ناراضگی کو دعوت دینے کے مترادف ہے، حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ قرآن کریم کی حرمت کے مقدس مسئلہ پر بیرونی دباو قبول کرنے کی بجائے مسلمانانِ پاکستان کے جذبات کی ترجمانی کریں۔ حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا کہ امریکہ اور نیٹو فورسز کی جنگ اصل میں دہشت گردی نہیں اسلام اور قرآن کے خلاف ہے۔ غیور پاکستانی قوم قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے گستاخوں کیلئے سپلائی لائن کسی صورت بحال نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بدترین شکست کے بعد امریکیوں کی جانب سے منظم منصوبہ بندی کے تحت گستاخیاں کی جارہی ہیں، جماعتہ ا لدعوہ جمعتہ المبارک کو پورے ملک میں یوم احتجاج منائے گی اس موقع پر شہر شہر احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 158479
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش