0
Monday 7 May 2012 20:14

14 مئی کو اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، فلسطین فاؤنڈیشن

14 مئی کو اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، فلسطین فاؤنڈیشن
اسلام ٹائمز۔ فلسطینیوں پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ظلم و بربریت کے 64 سال گزر جانا عالمی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ سمیت دیگر اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اقوام متحدہ امریکی کٹھ پتلی ہے، ملک بھر میں طلباء اور نوجوان تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات پر 15 مئی کو فلسطین عوام سے اظہار یکجہتی مناتے ہوئے ’’ یوم نکبہ ‘‘ ( فلسطینیوں پر ڈھائی جانے والی بہت بڑی مصیبت کا دن ) کے عنوان سے پروگرامات منعقد کریں۔ ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی اور طلباء تنظیموں کے رہنماؤں بشمول فیصل شیخ ( صدر پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن )، خلیل ستی ( مرکزی رہنما مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن نواز )، حافظ بلال ( رکن شوریٰ اسلامی جمعیت طلبہ )، عالمگیر خان ( صدر انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان سندھ )، عبد الباسط ( ناظم انجمن طلبہ اسلام )، بختاور شاہ ( مرکزی رہنما پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن )، محمد فدل ( صدر جنرل یونین فلسطینی طلباء ) اور دیگر نے پیپلز سیکریٹریٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور طلباء تنظیموں کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 14 مئی سنہ 1948ء سے آج سنہ 2012ء تک پوری تاریخ فلسطینیوں پر صیہونی مظالم سے بھری پڑی ہے لیکن دنیا کی نام نہاد بلند و بانگ دعوے کرنے والی حکومتیں خصوصاً عالمی استعمار امریکہ، برطانیہ، فرانس اور دیگر ممالک کی روز اول سے مجرمانہ خاموشی اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی پشت پناہی نے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں کردی ہے کہ یہ سب کے سب فلسطینی عوام کے دشمن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دسیوں لاکھ فلسطینی رنج و آلام میں ہیں جبکہ یہ افراد چھ عشرے گزر جانے کے باوجود بھی اپنے گھروں سے دور ہیں اور آوارہ وطن کر دئیے گئے ہیں۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ فلسطین ہر صیہونی غاصبوں کے قبضہ کو ساٹھ سال سے زیادہ گزر چکے ہیں اورا س خون ریز المیہ کے اصلی ذمہ داروں کو سب پہچانتے ہیں جن میں برطانیہ کی سامراجی حکومت سرفہرست ہے جس کی سیاست، اسلحہ، فوج اور اقتصادی و ثقافتی توانائیاں غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی مددگار بنیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت اس وقت زیادہ نفرت انگیز، کمزور اور تنہا ہے اور اس کا اصلی حامی امریکہ ہمیشہ سے زیادہ سراسیمہ اور مشکلات میں ڈوبا ہوا ہے، رہنماؤں نے مزید کہا کہ ’’ یوم نکبہ ‘‘ کے موقع پر ہم پوری دنیا کی حکومتوں سے اور بالخصوص پاکستان حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطین کے دسیوں لاکھ پناہ گزینوں کو ان کے گھروں میں واپس بھیجنے کے لئے عالمی اداروں میں آواز بلند کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی جنگ کی خواہش نہیں رکھتے اور نہ ہی یہودیوں کو سمندر میں غرق کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام فلسطینی جو دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی آباد ہیں اپنے گھروں کو لوٹ سکیں اور حکومت کا نظام ایک ریفرنڈم کے زریعے انجام دے کر یہ فیصلہ کریں کہ بعد میں آنے والے یہودیوں کو فلسطین میں رہنا چاہئیے یا نہیں۔

انہوں نے عالم اسلام، عالم عرب اور دنیا کی غیرت مند حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ دسیوں لاکھ پناہ گزین فلسطینیوں کو فلسطین لانے میں مدد فراہم کریں۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں فلسطینی جیلوں میں موجود اسیروں کے ساتھ ہر طرح کی ہمدردی کرتے ہیں اور اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صیہونی جیلوں میں قید بے گناہ فلسطینی قیدیوں کی رہائی میں اپنا کردار ادا کرے۔ اس موقع پر پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان کے صدر فیصل شیخ کا کہنا تھا کہ جامعہ اردو کراچی میں 15 مئی کو ہونے والے سیمینار بعنوان ’’ فلسطین، فلسطینیوں کا وطن ‘‘ کی میزبانی پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن انجام دے گی۔
خبر کا کوڈ : 159801
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش