0
Tuesday 8 May 2012 12:18

مولانا لدھیانوی مزید تین سال کیلئے بلامقابلہ اہلسنت و الجماعت (سپاہ صحابہ) کے صدر منتخب

مولانا لدھیانوی مزید تین سال کیلئے بلامقابلہ اہلسنت و الجماعت (سپاہ صحابہ) کے صدر منتخب
اسلام ٹائمز۔ مولانا احمد لدھیانوی مزید تین سال کیلئے بلامقابلہ اہلسنت و الجماعت (کالعدم سپاہ صحابہ) کے صدر منتخب ہو گئے جبکہ مجلس شوریٰ کی طرف سے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خادم حسین ڈھلوں پر اعتماد کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ اہلسنت و الجماعت (کالعدم سپاہ صحابہ) کی مجلس شوریٰ کا سالانہ اجلاس امیر شوریٰ مولانا احمد لدھیانوی کی زیرصدارت جامعہ فاروقیہ کمالیہ میں منعقد ہوا جس میں گزشتہ سال کی کارکردگی اور حالیہ ملکی صورتحال سمیت دیگر امور پر غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں 250 کے لگ بھگ شوریٰ کے ارکان نے شرکت کی جنہوں نے جماعت کے دستور کے مطابق الیکشن کے ذریعے مرکزی صدر کا انتخاب کرنا تھا لیکن مقابلہ میں کوئی نام سامنے نہ آنے پر احمد لدھیانوی کو بلا مقابلہ صدر قرار دے دیا گیا۔ احمد لدھیانوی نے مجلس شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک میں نظام خلافت راشدہ کے نفاذ اور ناموس صحابہ و اہلبیت کے تحفظ کی آئینی جدوجہد کر رہے ہیں ہم نے اس دور میں آگ اور خون کے دریا عبور کر کے ملک میں امن کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے جس کا کوئی انکار نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم امیر عزیمت حق نواز جھنگوی کا پرچم سرنگوں نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارا ملک ہم سے قربانی کا تقاضا کر رہا ہے اور ہم وطن کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے میدان عمل میں اترے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اراکین شوریٰ سے کہا کہ ملکی سیاست میں کردار ادا کرنے کیلئے ذہنی طور پر تیار ہو جائیں ملک دشمن قوتیں پاکستان کو ناکام ریاست ثابت کرنے اور یہاں اپنا عمل دخل بڑھانے کیلئے سازشوں کو بروئے کار لا رہی ہیں ان کا راستہ روکنے کیلئے ہمیں کردار ادا کرنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 159996
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش