0
Friday 11 May 2012 22:46

پی ایل ایف اور جمعیت علماء پاکستان کا فلسطین میں جاری اسرائیلی ظلم و ستم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

پی ایل ایف اور جمعیت علماء پاکستان کا فلسطین میں جاری اسرائیلی ظلم و ستم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور جمعیت علماء پاکستان کی جانب سے ’’یوم نکبہ‘‘ کے عنوان سے بعد نماز جمعہ میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کے باہر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور دنیا بھر کے عالمی اداروں اور غیرت مند حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کو ان کے وطن واپس جانے کا حق دلوایا جائے۔ احتجاجی مظاہرے میں شریک مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے 64 سالہ مظالم کے خلاف نعرے اور اسرائیلی مظالم پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کی گئی تھی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ‘‘فلسطین پورا فلسطینیوں کے لئے’’، فلسطین فلسطینیوں کا وطن، مردہ باد امریکہ، اسرائیل نا منظور، فلسطین کی آزادی تک جنگ رہے گی سمیت عالمی برادری کی غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی حمایت کے خلاف نعرے آویزاں تھے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی، مرکزی رہنما جمعیت علماء پاکستان شبیر ابو طالب، رہنما عوامی مسلم لیگ محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، جعفریہ الائنس پاکستان کے مرکزی رہنما سید سبر رضا، رہنما جمعیت علماء پاکستان عقیل انجم اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا کے غیرت مند اور عزت مند اور دلیر حکمرانوں کو یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ آیا کیا ہم فلسطینیوں پر صیہونی مظالم کے ایک اور سال کا انتظا ر کریں یا عالمی استعمار امریکہ، برطانیہ اور ان کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف مزاحمت کریں، رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر آج فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے 64 برس مکمل ہوجانے کے بعد بھی دنیا کے غیرت مند اور دلیر حکمرانوں نے دو ٹوک فیصلہ نہ کیا تو آنے والی نسلیں ان مسلم ممالک کے حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کریں گی اور ان سب کا حال مستقبل قریب میں مصر کے سابق حسنی مبارک، تیونس کے زین العابدین، یمن کے عبداللہ صالح اور لیبیا کے قذافی سے بدترین ہونے والا ہے۔
خبر کا کوڈ : 160922
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش