0
Tuesday 22 May 2012 03:37

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر یاسین آزاد کا وفد کے ہمراہ نائن زیرو کا دورہ

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر یاسین آزاد کا وفد کے ہمراہ نائن زیرو کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر یٰسین آزاد نے وفد کے ہمراہ متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین شعیب بخاری، شاہد لطیف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین سلیم تاجک، گلفراز خان خٹک، سیف یار خان، صوبائی وزیر عبدالروف صدیقی، ایم کیو ایم سینٹرل ایگزیگٹیو کونسل کے رکن سرفراز نواز، ایم کیو ایم کی لیگل ایڈ کمیٹی انچارج مقیم عالم، متحدہ لائرز فورم کے انچارج احمد ضمیر و دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر یٰسین آزاد اور رابطہ کمیٹی کے ارکان نے مشترکہ گفتگو کرتے ہوئے لاپتہ افراد کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسے فوری حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ یٰسین آزاد نے بلدیاتی نظام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نظام واحد نظام ہے جس کے ذریعے عوام کے بنیادی مسائل حل کئے جاسکتے ہیں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکتی ہے، یہی وجہ ہے کہ کراچی میں بلدیاتی نظام کے باعث بڑے پیمانے پر ریکارڈ ترقیاتی کام کئے گئے جن کی نظیر نہیں ملتی ہے۔

علاوہ ازیں یٰسین آزاد نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ ۲۶ مئی ۲۰۱۲ء کو بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اسلام آباد میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک کانفرنس منعقد کی جارہی ہے اور آج ہمارا نائن زیرو آنے کا مقصد الطاف حسین اور ان کی جماعت کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینا ہے اور امید ظاہر کرتے ہیں کہ اس کانفرنس میں ایم کیو ایم کی جانب سے نمائندہ وفد کی شمولیت یقینی ہوگی۔

اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن شاہد لطیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے صدر یٰسین آزاد کو وفد کے ہمراہ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو آمد پر انہیں خوش آمدید اور کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 164138
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش