0
Sunday 27 May 2012 20:30

جب تک ہم سیاسی قوت نہیں بنتے، ہمارا قتل عام جاری رہیگا، علامہ ناصر عباس جعفری

جب تک ہم سیاسی قوت نہیں بنتے، ہمارا قتل عام جاری رہیگا، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اسلام آباد سے شروع ہونے والا قافلہ کراچی کے ساحلوں سے ہوتا ہوا جھنگ، فیصل آباد، ملتان، جہلم اور بھکر کے اجتماعات کے بعد یکم جولائی کو لاہور میں ہاتھوں میں پرچم عباس تھامے ہوئے وارد ہو گا۔ شیعہ قوم بیدار ہو چکی ہے، اب اس کا کوئی ووٹ سڑک، نوکری اور دیگر جھانسوں کے ذریعے حاصل نہیں کیا جاسکے گا، ان سیاسی پارٹیوں نے ملت تشیع کو کچھ نہیں دیا، شیعہ پاراچنار، گلگت بلتستان، پنجاب، ڈی آئی خان، کوئٹہ اور کراچی میں قتل ہوتے رہے، لیکن ان کی زبان سے ایک لفظ تک نہ نکل سکا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں کے ایم ڈبلیو ایم ضلع ملتان کے زیراہتمام اسپورٹس گراؤنڈ ملتان میں منعقدہ قرآن و اہلبیت ع کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شریف برادران کالعدم تنظیموں کو سپورٹ کرتے رہے اور ملک اسحاق جیسے دہشتگرد کی رہائی کا سامان فراہم کرتے رہے، تو پیپلز پارٹی کے لوگ کوئٹہ میں شیعوں کے قتل عام پر تماشائی کا کردار ادا کرتے رہے، یہ حقیقیت ہے جب تک ہم سیاسی قوت نہیں بنتے اس وقت ہمارا قتل عام جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ جس قوم نے اس ملک کو بنایا آج وہی مر رہی ہے، لیکن اس ملک کی مخالفت کرنے والے آج اس ملک کے دفاع کے نام پر ایک بار پھر جمع ہو رہے ہیں۔ انہوں نے علامہ ناصر عباس آف ملتان کی گرفتاری کی مذمت کی اور حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ اگر انہیں جلد رہا نہ کیا گیا ملت تشیع وزیراعلٰی ہاؤس کا گھیراؤ کر سکتی ہے۔ یہ ووٹ حسین ع کا ہے کہ جو ہمارے پاس امانت کے طور پر ہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ سکیورٹی کے اداروں نے ہمیشہ وطن کے نام پر اس مادر وطن سے خیانت کی ہے۔ ان قاتلوں کو پالا گیا جو آج دنیا بھر میں ملک و قوم کیلئے مسائل پیدا کر رہا ہے۔ ہم متحد ہوکر سکیورٹی کے اداروں کے دماغ ٹھیک کریں گے۔ مومنین پر واجب ہے وہ اپنے ووٹ کی قدر جانیں اور قاتلوں یا قاتلوں کو سپورٹ کرنے والوں کا ووٹ نہ دیں۔ پاکستان کی کل آبادی کا پانچ کروڑ سے آبادی تشیع کی ہے۔ اگر ہم متحد ہو جائیں تو کوئی مشکل نہیں کہ ہم اس وطن کی خدمت کرسکیں اور ان غیور فرزندان اسلام کو پارلیمنٹ میں بھیج سکیں۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آج قاتل آزاد ہیں، لیکن مظلوموں پر مزید ظلم بڑھتا جا رہا ہے، چاروں صوبے دہشتگردوں کے حوالے کر دیئے گئے ہیں، کالعدم تنظیمیں جو ایک تھانے کی اجازت کے بغیر باہر نہیں جاسکتیں، انہیں تعاون کرکے بڑے بڑے اجتماعات کرائے جا رہے ہیں۔ حکومت اور ادارے ان حرکتوں سے باز آجائیں۔ ملت تشیع بیدار ہے، اب وہ وقت دور نہیں جب یہ غیور قوم اپنی سیاسی طاقت حاصل نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ شہید حسینی کے ہاتھوں سے گرنے والا پرچم دوبارہ تھام لیا گیا ہے۔ اس قوم کا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اے مادر وطن گواہ رہنا، ہم نے نہ کل تیرے ساتھ بے وفائی کی تھی اور نہ آج کریں گے۔ خون کے آخری قطرے تک تیرے دفاع کو یقینی بنائیں گے۔ قائداعظم کو کافر اعظم کہنے والے آج اس ملک کے دفاع پر مامور ہیں۔

علامہ ناصر عباس نے امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی مذمت کی اور پاکستان کے تمام مسائل کا ذمہ دار انہیں قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممالک پاکستان میں دہشتگردوں کو اپنے ایجنٹ کے طور استعمال کرتے ہیں اور وطن عزیز میں ناحق خون بہاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عرب ریاستیں اپنے منحوس اتحاد کے ذریعہ اس خطے کے حالات خراب کر رہی ہیں۔ انہوں نے ڈرون حملے اور نیٹو سپلائی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ نہ ہم کبھی نیٹو سپلائی کے حق میں تھے اور نہ اب پاکستان کی راہ داریاں استعمال ہونے دیں گے۔ انہوں نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی بھی حمایت کی اور کہا کہ اب وہ وقت گیا جب تخت لاہور کمزوروں کے حقوق غصب کرتا تھا، جنوبی پنجاب کے لوگوں کو شناخت دینی چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 166113
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش