0
Thursday 31 May 2012 21:00

کراچی میں سازش کے تحت حالات خراب کئے جا رہے ہیں، رحمٰن ملک

کراچی میں سازش کے تحت حالات خراب کئے جا رہے ہیں، رحمٰن ملک
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں سازش کے تحت حالات خراب کئے جارہے ہیں، شہر میں بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور آئندہ چند روز میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف عملی ایکشن نظر آئے گا، کراچی سمیت ملک بھر میں غیر قانونی اسلحہ کی ترسیل روکنے اور بازیابی کےلئے مربوط پلان صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے ترتیب دیا جائے گا، لائسنس یافتہ اسلحے کی از سر نو جانچ پڑتال کے لئے بھی پالیسی کا بھی جلد اعلان کردیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں آبادی کے لحاظ سے تھانوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے صوبائی حکومت اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے حساس علاقوں کو تین زونز میں تقسیم کردیا گیا ہے اور حساس علاقوں سمیت ٹارگٹ کلنگ کی واقعات کی روک تھام کے لئے رینجرز اور پولیس کے گشت میں اضافہ کیا جائے گا اور ان اداروں کو مشترکہ چیکنگ کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں ٹارگٹ کلرز اور دیگر جرائم پیشہ افراد کی کارکردگی کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت کردی گئی ہے اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں کی کارکردگی کو بھی مزید فعال بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جیلوں سے رہا ہونے والے کالعدم تنظیموں کے ارکان کی بھی کڑی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی، پٹیل پاڑہ، ملیر کٹی پہاڑی سمیت دیگر حساس علاقوں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے پولیس اور رینجرز کو گشت بڑھانے سمیت دیگر ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے 7 سے 8 حساس علاقوں کو تین زون میں تقسیم کرکے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کراچی کے حالات لیاری سے نکالی جانے والی ریلی کے نتیجے میں خراب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محبت سندھ ریلی پر فائرنگ کرنے کے واقعے کے حوالے سے بھی بعض گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ ان گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں غیر قانونی اسلحہ جمع کرانے کیلئے بھی پالیسی کا جلد اعلان کیا جائے گا اور اس حوالے سے شہریوں کو ایک مقررہ تاریخ دی جائے گی کہ وہ اپنا غیر قانونی اسلحہ جمع کرا دیں۔
خبر کا کوڈ : 167286
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش