0
Saturday 2 Jun 2012 22:14

عالمی طاقتوں کی سازشیں جاری، بلوچستان میں کالعدم تنظیموں کے 121 کیمپ موجود ہیں، آئی جی ایف سی

عالمی طاقتوں کی سازشیں جاری، بلوچستان میں کالعدم تنظیموں کے 121 کیمپ موجود ہیں، آئی جی ایف سی
اسلام ٹائمز۔ آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل عبیداللہ خان خٹک نے اعتراف کیا ہے بلوچستان میں کالعدم بلوچ تنظیموں کے ایک سو اکیس کیمپ موجود ہیں۔ ان فراری کیمپوں کو افغانستان سے مدد کی جا رہی ہے، جبکہ افغان حکومت ان کیمپوں کو نظرانداز کر رہی ہے۔ ایف سی ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل عبیداللہ خان خٹک کا کہنا تھا بلوچ مزاحمتی تنظیموں میں سے چالیس کیمپ بلوچ لبریشن آرمی چھبیس کیمپ بلوچ ری پبلکن آرمی انیس کیمپ بی ایل ایف اور دو کیمپ لشکر بلوچستان کے ہیں۔
 
آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ نہ صرف یہ بلکہ سرحد پار افغانستان میں بھی تیس کے قریب فراری کیمپ ہیں، جہاں سے بلوچستان میں جاری کارروائیوں اور بلوچستان میں قائم کیمپوں کو آپریٹ کیا جارہا ہے۔ عالمی طاقتیں بلوچستان کے خلاف سازشیں کر رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ کالعدم بلوچ تنظیموں کو صوبے میں کارروائیوں کیلئے ہر واقعے پر باہر سے رقم اور اسلحہ ملتا ہے، آئی جی ایف سی بلوچستان کا کہنا تھا کہ ایک مذموم سازش کے تحت ریاست کے ان اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو امن و امان کے قیام کے ذمہ دار ہیں۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل عبید اللہ خان خٹک نے کہا کہ بلوچستان میں بیرونی مداخلت ہو رہی ہے اور صوبے کے حالات خراب کرنے کے لئے 30 کیمپس افغانستان سے آپریٹ ہو رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں 211 فراری کیمپس کام کر رہے ہیں۔ کوئٹہ سمیت صوبے بھر سے حالات کے باعث ایک لاکھ سے زائد لوگ نکل مکانی کر چکے ہیں۔ آئی جی ایف سی نے کہا کہ بلوچستان کو اس وقت بے پناہ بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ صوبے میں حالات کی بہتری کے لئے سیاسی انتظامی، جوڈیشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز پر مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ 

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ ایف سی تمام عدالتوں اور سیاسی اداروں کا احترام کرتی ہے، ایف سی کا مقصد سرحدوں کی حفاظت، صوبے میں امن و استحکام کے علاوہ اور کوئی مقصد نہیں ہے اور بلوچستان کے مسئلے کا سیاسی طور پر حل تلاش کیا جائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایف سی اور انٹیلی جنس اداروں کو سازش کے تحت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 167711
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش