0
Thursday 7 Jun 2012 03:29

گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، بجٹ کے معاملات پر غور

گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، بجٹ کے معاملات پر غور
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے سلسلے میں معاملات پر غور کیا گیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بجٹ عوام کی فلاح و بہبود، صوبے میں مختلف شعبوں میں ترقیاتی کاموں، میگا پروجیکٹس اور امن و امان کی بہتری یقینی بنانے کے لئے اتحادی جماعتوں کی ہم آہنگی اور کوششوں کا مظہر ہوگا۔ بجٹ میں عوام کو فوری سہولتیں پہنچانے، صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، روڈ نیٹ ورک کو وسیع اور مستحکم کرنے پر خصوصی زور دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زراعت پر مبنی معیشت کو فروغ دینے اور آبپاشی و زراعت کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کے لئے اقدامات کا بھی خاص خیال رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لئے پرکشش فضا اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے انفرااسٹرکچر کی بہتری اور صنعتی زونز میں سہولتیں فراہم کرنے کے لئے بجٹ میں ضروری فنڈز مختص کئے جائیں گے، تفریحی سہولتوں، خواتین، نوجوانوں اور اقلیتوں کے لئے سہولتوں کے لئے بھی اہتمام کیا جائے گا۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ حکومت کا عزم ہے کہ صوبہ بھر میں لوگوں کو بلا تفریق سہولتیں دستیاب ہوں اور نجی و سرکاری شعبوں میں روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم ہوں۔
خبر کا کوڈ : 168904
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش