0
Thursday 14 Jun 2012 15:30

مہدی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں رواں سال کی ترقیاتی اسکیموں پر غور و خوض

مہدی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں رواں سال کی ترقیاتی اسکیموں پر غور و خوض
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کی زیر صدارت اجلاس جس میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سجاد سلیم ہوتیانہ، صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات وزیر شکیل، سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی اور پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ سعید رمضان نے بھی شرکت کی جس میں گلگت بلتستان کیلئے مالی سال 2012-13ء کی اسکیموں پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے گلگت بلتستان کے عوام کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں اور مالی سال 2012-13ء کیلئے پیش کئے جانے والے ترقیاتی بجٹ میں بھی عوامی مفاد کے منصوبے شامل کئے جائینگے۔ مہدی شاہ نے کہا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح یہی تھی کہ ان تمام منصوبوں کو مکمل کیا جائے جن پر کام تو شروع ہوچکا تھا لیکن فنڈز کی کمی کی وجہ سے یہ منصوبے گزشتہ 6 سال سے التواء کا شکار تھے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ ہماری حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی 80 فیصد بجٹ پرانی اسکیموں کی تکمیل کے مختص کیا اور صرف 20 فیصد رقم نئی اسکیموں کیلئے رکھ کر ایک نئی مثال قائم کی ورنہ ہماری حکومت بھی پچھلی حکومتوں کی طرح بغیر فنڈز مختص کئے نئے پراجکیٹس شروع کر سکتی تھی لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پیکج کے تحت جاری اسکیموں کو مالی سال 2012-13 میں مکمل کیا جائے گا۔ سید مہدی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو گندم کی ترسیل میں آسانی پیدا کرنے کیلئے تینوں ریجنز میں تین بلک ڈپوز کا قیام عمل میں لایا جائیگا تاکہ کسی بھی ناگہانی صوتحال میں گندم کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2012-13 کیلئے ترقیاتی فنڈز میں ممبران قانون ساز اسمبلی جو کہ براہ راست الیکشن جیت کر آئے ہیں کیلئے 6 کروڑ روپے جبکہ خواتین اور ٹیکنوکریٹس کو چار کروڑ روپے دیے جائینگے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اسی بات کا خصوصی خیال رکھا جائے گا کہ کوئی بھی ممبر اپنے حلقے میں ایک کروڑ سے کم کی اسکیم نہیں دے سکے گا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ضلع ہنزہ نگر میں ٹورسٹ انفارمیشن سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ گلگت بلتستان کے ساتوں اضلاع میں سڑکوں کو میٹل کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس موقع پر یہ بھی ہدایت کی کہ گلگت بلتستان کے بے روزگار گریجویٹس کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کے اجراء کیلئے مختص کی گئی رقم جس کی مالیت 25 کروڑ بنتی ہے کی فراہمی کیلئے بھی کام شروع کر دیں تاکہ بیروزگاری کا خاتمہ ہو سکے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 170974
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش