0
Friday 22 Jun 2012 15:59

الخدمت 80 فیصد رعایت پر عوام کو طبی سہولیات فراہم کررہی ہے، محمد حسین محنتی

الخدمت 80 فیصد رعایت پر عوام کو طبی سہولیات فراہم کررہی ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ ملک میں خون کی 5 ملین بوتلوں کی سالانہ ضرورت ہے، محض 2 ملین خون کی بوتلیں سالانہ عطیہ کی جاتی ہیں، انسانی زندگی بچانے کے لیے خون عطیہ کرنے کے رحجان کو فروغ دینا ہوگا، حکومت نے شعبہ صحت کے لیے بجٹ میں محض اعشاریہ 6 فیصد رکھا جو انتہائی کم ہے، الخدمت محدود وسائل کے باجود عوام کو انتہائی ارزاں نرخوں پر طبی سہولیات فراہم کررہی ہے، الخدمت ویلفیئر سوسائٹی کراچی کے تحت پہلے بلڈ بینک کا افتتاح 23 جون کو امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی کراچی اور الخدمت ویلفیئر سوسائٹی کراچی کے صدر محمد حسین محنتی، الخدمت بلڈ بینک کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور نائب امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر الخدمت اسپتال ناظم آباد کے ایم ایس ڈاکٹر محمد کلیم اور جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری اور ارزاں نرخوں پر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں، الخدمت کے اسپتالوں میں دیگر اسپتالوں کی نسبت 80 فیصد رعایت پر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے علم میں ہے کہ ملک میں اس وقت سالانہ 5 ملین خون کی بوتلوں کی ضرورت پڑتی ہے جبکہ ملک میں تسلسل کے ساتھ دہشت گردی کے واقعات، ٹارگٹ کلنگ اور بڑھتے ہوئے حادثات نے خون کی عطیہ کرنے کی ضرورت دوچند کردی ہے، جبکہ ملک میں 5 ملین خون کی طلب کے مقابلے میں خون کی محض 2 ملین بوتلیں ہی دستیاب ہوتی ہیں، انسانی زندگی بچانے کے لیے خون کی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے الخدمت نے بلڈ بینک قائم کرنے کا فیصلہ جو اب مکمل ہوچکا ہے اور انشاء اللہ 23 جون 2012ء کو امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن بلڈ بینک کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلڈ بینک الخدمت ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے کراچی کے عوام کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے، یہ بلڈ بینک عالمی معیار کے مطابق بنایا گیا ہے اور یہ جدید ترین مشینری سے آراستہ ہے جہاں انتہائی کم قیمت پر شہریوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بلڈ بینک کے ذریعے معاشرے میں نہ صرف خون دینے کے بارے میں آگہی بیدار کرنا بلکہ محفوظ خون کی ترسیل کو انتہائی ارزاں نرخوں پرممکن بنانا ہمارا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی زندگی بچانے کے لیے عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور آگے بڑھ کر نہ صرف خون عطیہ کرنا ہوگا بلکہ دیگر لوگوں کو بھی خون عطیہ کرنے کی جانب راغب کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا کہ عوام سے صحت کی بنیادی سہولیات چھینی جارہی ہیں، حالیہ بجٹ میں شعبہ صحت کے لیے محض اعشاریہ 6 فیصد انتہائی ظلم ہے، عوام نجی اسپتالوں میں علاج کرانے کی سکت نہیں رکھتے، ایسے میں الخدمت کی جانب سے معیاری اور سستی طبی سہولیات کی فراہمی اور الخدمت بلڈ بینک کا قیام کراچی کے شہریوں کے لیے الخدمت کا عظیم تحفہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر بلڈ بیگ پر Hepatitis B ،Hepatitis C ،H.I.V ،VDRL اور ICI-MP کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ ’’ خدمت دیانت کے ساتھ ‘‘ مشن میں الخدمت کے ساتھ تعاون کریں تاکہ عوام کی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 173295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش