0
Saturday 23 Jun 2012 10:32

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور ان کی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور ان کی کابینہ نے حلف اٹھا لیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور 38 ارکان پر مشتمل وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔ صدر آصف علی زرداری نے حلف لیا، فیصل صالح حیات اور ڈاکٹر عاصم حسین کو نئی کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا۔ ایوان صدر میں ہونے والی حلف برداری کی پروقار تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور قومی ترانہ سے ہوا۔ تقریب میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، ارکان پارلیمنٹ، مسلح افواج کے سربراہان اور غیر ملکی سفیر بھی موجود تھے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے نومنتخب وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے حلف لیا۔ تقریب میں صدر آصف زرداری نے نئی وفاقی کابینہ میں شامل 27 وزراء اور 11 وزرائے مملکت سے بھی حلف لیا۔ 

وفاقی وزراء میں چوہدری احمد مختار، میر چینگز جمالی، میاں منظور احمد وٹو، مولا بخش چانڈیو، حاجی خدا بخش راجڑ، ڈاکٹر فاروق ستار، نذر محمد گوندل اور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ شامل ہیں۔ امین فہیم، رانا فاروق سعید ،سردار محمد گورگیج، سید خورشید شاہ، میر ہزار خان بجارانی، بابر خان غوری، غلام احمد بلور، میر اسراراللہ زہری اور فاروق ایچ نائیک بھی نئی کابینہ کا حصہ ہیں۔ ارباب عالمگیر خان، قمر زمان کائرہ، چوہدری پرویز الہیٰ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، حنا ربانی کھر، ثمینہ خالد گھرکی، فرزانہ راجہ، سید نوید قمر، مخدوم شہاب الدین اور انجینئر شوکت اللہ بھی وفاقی وزیر بن گئے ہیں۔ وزرائے مملکت میں راحیلہ بلوچ ،دوست محمد مزاری، امتیاز صفدر وڑائچ، عباس خان آفریدی، نواب زادہ ملک عماد، ڈاکٹر ندیم احسان، تسنیم احمد قریشی، صمصام علی بخاری، معظم علی جتوئی، سردار سلیم حیدر اور ملک عظمت خان شامل ہیں۔
 
فیصل صالح حیات اور ڈاکٹر عاصم حسین نئی کابینہ میں شامل نہیں۔ وزرا اور وزرائے مملکت کی وزارتوں اور محکموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ تقریب میں جئے بھٹو کے نعرے بھی وقتا فوقتاً لگتے رہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت توانائی بحران کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ اس موقع پر انہوں نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کارکردگی کو سراہا، جس پر تقریب کے شرکاء نے کھڑے ہو کر یوسف رضا گیلانی کو خراج تحسین پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 173436
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش