0
Wednesday 27 Jun 2012 12:08

این آر او عمل درآمد کیس، سپریم کورٹ نے نئے وزیراعظم سے جواب طلب کر لیا

این آر او عمل درآمد کیس، سپریم کورٹ نے نئے وزیراعظم سے جواب طلب کر لیا
اسلام ٹائمز۔ سوئس حکام کو خط لکھنا ہے یا نہیں، سپریم کورٹ نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے بھی جواب طلب کرلیا۔ جسٹس ناصرالملک نے کہا ہے کہ خط لکھنے کے معاملے پر عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ نیب نے سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کے خلاف رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔ جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے این آر او عمل درآمد کیس کی سماعت کی۔ وکیل عبدالباسط نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ احمد ریاض شیخ اور عدنان خواجہ کے خلاف مقدمہ اب ختم ہونا چاہیے۔ اونٹ نکل گیا اونٹ کی دم پکڑنے کا کیا فائدہ، نوکریاں ختم ہو گئیں، قید بھگت لی، جرمانے ادا کر دیئے اب مقدمہ چلانے کا کیا مقصد ہے۔ 

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ سماعت پر کہا گیا تھا کہ وزیراعظم کو عدنان خواجہ کے سزا یافتہ ہونے کا علم نہیں تھا۔ حقیقت یہ ہے کہ یوسف رضا گیلانی اور عدنان خواجہ نے جیل میں ساتھ رہ کر قید کاٹی۔ کیسے مان لیا جائے کہ یوسف رضا گیلانی کو عدنان خواجہ کی سزا کا علم نہیں تھا۔ وکیل عبدالباسط نے استدعا کی کہ عدنان خواجہ اور احمد ریاض شیخ کے خلاف مقدمات ختم کرنے کا حکم دے دیں۔ جسٹس ناصرالملک نے ریمارکس دیئے کہ جب تک نیب کی رپورٹ نہیں آئے گی، ہم یہ مقدمہ نہیں ختم کر سکتے۔ نیب نے سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کے خلاف رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی۔ ملک قیوم کے وکیل وسیم سجاد نے بتایا کہ ملک قیوم نے تحقیقات میں حصہ لیا ہے لیکن وہ تاحال بیرون ملک ہسپتال میں داخل ہیں۔ ملک قیوم نے صحت یابی تک مزید مہلت کی درخواست کی ہے۔
 
جسٹس ناصرالملک نے ریمارکس دیے کہ خط لکھنے کے معاملے پر عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو نئے وزیراعظم سے رابطہ کرکے آئندہ سماعت پر خط لکھنے کے معاملے پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ سپریم کورٹ نے عبوری حکم نامے میں کہا ہے کہ این آر او فیصلے کے پیرا گراف نمبر 178 پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ اس پیراگراف کے تحت حکومت کو سوئس حکام کو خط لکھنا تھا۔ اسی حکم عدولی پرسابق وزیراعظم کو سزا ہوئی اور سابق وزیراعظم نااہل بھی ہوئے۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ہمیں اعتماد ہے کہ نئے وزیراعظم خط لکھنے کے عدالتی حکم پرعمل کریں گے۔ کیس کی مزید سماعت بارہ جولائی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 174674
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش