0
Thursday 28 Jun 2012 00:55

ق لیگ نے عہدوں کی خاطر اپنا مستقبل دائو پر لگا دیا ہے، سید وسیم اختر

ق لیگ نے عہدوں کی خاطر اپنا مستقبل دائو پر لگا دیا ہے، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ مفاد پرست ٹولہ عہدوں اور دولت کے لالچ میں عوامی امنگوں کاخون کر رہا ہے، عوام انہیں پہچان چکے ہیں، جمہوریت کا راگ الاپنے والی حکومت نے کرپشن، بے روز گاری اور لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کرکے اپنی قبر خود کھود لی ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت اخراجات کم کرکے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کرے تاکہ عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات مل سکے۔ سید وسیم اختر نے کہا کہ بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخ آئے روز بڑھنے سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیر اعظم کی غیر قانونی مدت میں کیے گئے فیصلے اور اقدامات کو قانونی حیثیت دینے کے لئے صدارتی آرڈیننس جاری کرکے زرداری نے عدلیہ کے خلاف نیا محاذ کھول لیا ہے، اس کا ساتھ کرپٹ ٹولہ دے رہا ہے، جسے عوام اور پاکستان سے نہیں روپے پیسے اور عہدوں سے محبت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ق لیگ نے عہدوں کی خاطر اپنا مستقبل دائو پر لگا دیا ہے، عدلیہ عوام کے لوٹے ہوئے پیسے ملک میں واپس لانا چاہتی ہے مگر حکومت نے اس کے راستے میں رکاوٹ پیدا کرکے اور مجرموں کی پشت پناہی کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ حقیقت میں کرپٹ اور بددیانت حکومت ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ملک خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے، امریکہ سلالہ پر حملے کی معافی مانگنے کی بجائے اپنی شرائط پر نیٹو سپلائی بحال کرنے کے لئے پاکستان پر دبائو ڈال رہا ہے، امریکہ پاکستان کو کمزور کرکے غلامی کی مہر ثبت کرنا چاہتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 174922
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش