0
Sunday 1 Jul 2012 21:27

مروجہ استحصالی، سیاسی و انتخابی نظام کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، منہاج القرآن

مروجہ استحصالی، سیاسی و انتخابی نظام کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، منہاج القرآن
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ نے پاکستان کے موجودہ ظالمانہ ریاستی، سیاسی اور انتخابی نظام کے خلاف نوجوانوں کو پر امن جمہوری جدوجہد کا شعور دینے کے لئے ملک بھر میں بیداری شعور مہم شروع کر رکھی ہے۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز چہرے نہیں نظام بدلو کے عنوان سے ایک واک کا اہتمام کیا گیا جو پریس کلب راولپنڈی سے شروع ہو کر لیاقت باغ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ واک کی قیادت منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بابر چوہدری، سیکرٹری جنرل توفیق صدیقی اور سٹی صدر سعید راجہ نے کی۔

واک میں شہر بھر سے سینکڑوں نوجوانوں شریک ہوئے جنہوں نے ہاتھوں میں روز بروز بڑھتی مہنگائی، بیروزگاری اور کرپشن کے خلاف کتبے اٹھا رکھے تھے اور موجودہ سیاسی و انتخابی نظام کے خلاف فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ واک کے اختتام پر بابر چوہدری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن، مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام ذہنی طور پر اس قدر مفلوج ہوچکے ہیں کہ ان تمام برائیوں کے ذمہ دار سیاسی و انتخابی نظام کے خلاف گھروں سے باہر نکلنے کو تیار نہیں۔

اس وقت امید کی واحد کرن آج کا نوجوان طبقہ ہے۔ جوانی میں سوچیں آزاد اور جوش و جذبہ اپنے عروج پر ہوتا ہے۔ جسے حق سمجھتا ہے اس پر ڈٹ جاتا ہے۔ ذات، برادری، جماعتی وابستگی کوئی تعصب اسے زیر نہیں کر سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ استحصالی قوتیں ہمیشہ نوجوانوں کے کسی نظریاتی ایجنڈے پر متحد ہونے سے خوف زدہ رہی ہیں۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ ان ظالمانہ قوتوں کے خلاف ملک بھر کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لئے دن رات مصروف عمل ہے۔ وطن عزیز کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کا یہی اصل راستہ ہے۔

سیکرٹری جنرل رفیق صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر شخص مروجہ سیاسی و انتخابی نظام کو ظالمانہ اور تمام برائیوں کی جڑ سمجھتا ہے مگر پھر بھی اسی نظام کے اندر رہ کر تبدیلی کی بات کررہا ہے۔ برے نظام کے اندر رہ کر کچھ اچھے لوگوں کو ووٹ دینا برے نظام کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔ نوجوان ساتھ دیں، حقیقی تبدیلی صرف چند چہرے نہیں بلکہ نظام بدلنے سے آئے گی۔

منہاج القرآن یوتھ لیگ راولپنڈی کے صدر سعید راجہ نے واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یہ سینکڑوں نوجوان عہد کرتے ہیں کہ اس استحصالی سیاسی و انتخابی نظام کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گے۔
خبر کا کوڈ : 175894
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش