0
Tuesday 3 Jul 2012 22:48

صحت کے شعبے میں برے حالات ضدی وزیراعلیٰ کی وجہ سے پیدا ہوئے، راجہ ریاض

صحت کے شعبے میں برے حالات ضدی وزیراعلیٰ کی وجہ سے پیدا ہوئے، راجہ ریاض
اسلام ٹائمز۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد نے صوبے میں ڈاکٹروں کی ہڑتال، مریضوں کی ہلاکت اور صوبائی حکومت کی پالیسی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سارے معاملے کا ذمہ دار وزیراعلیٰ پنجاب کو قرار دیا ہے اور چیف جسٹس آف پاکستان سے قوم اور مریضوں کے نام پر اپیل کی ہے کہ وہ جوڈیشل کمیشن قائم کر کے صورتحال کے ذمہ داروں کو عوام کے سامنے لائیں۔

گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں ڈاکٹروں کی ہڑتال اور ہسپتالوں میں انسانی جانوں کے ضیاع پر حقائق سامنے لانے کے لئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلائے ریکوزیشن اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی ہے اور کہا ہے کہ اگر سپیکر اور پنجاب حکومت سنجیدہ ہے تو پنجاب اسمبلی کا اجلاس بدھ کے روز بلایا جائے۔ انہوں نے ینگ ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر ہڑتال ختم کر کے مریضوں کا علاج کریں اپوزیشن ڈاکٹروں سے نرم رویے توقع کرتی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہمیں علاج نہ ہونے کی وجہ سے جاں بحق ہونے والے کے لواحقین سے دلی ہمدردی ہے اور ہم انکے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ راجہ ریاض احمد نے کہا کہ پنجاب میں وزیر صحت نہ ہونا انتہائی تشویش ناک اور ہڑتال کے نتیجے میں ساری صورتحال کے ذمے دار وزیراعلیٰ شہباز شریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں ڈاکٹروں کی بجائے دوسروں کو ہونا چاہیے تھا اور ایف آئی آر ڈاکٹروں کی بجائے دوسروں پر کٹنی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی سیکرٹری صحت کو برطرف کیا جائے، ان کے ساتھ 3 اور نام بھی ہیں جن کا وقت آنے پر اعلان کیا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر نے زور دیا کہ بتایا جائے کہ وزیراعلیٰ ہڑتالی ڈاکٹروں کے ساتھ مذاکرات سے کیوں انکاری ہیں، سارے معاملے کے حل کا واحد راستہ ڈاکٹروں سے مذاکرات ہیں۔ انہوں نے رانا ثناء اللہ کا نام لیکر کیا کہ صوبے میں مرضی صرف’’ پٹیشن مافیا ڈان‘‘ کی چلتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر فوری طور پر ہڑتال ختم کریں، حکومت ڈاکٹروں سے فوری مذاکرات کرے ان پر قائم مقدمات ختم اور انہیں جیلوں سے رہا کیا جائے۔ ایک سوال پر راجہ ریاض احمد نے کہا کہ افسوسناک صورتحال کا میاں نواز شریف نوٹس لیں کیونکہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں برے حالات ضدی وزیراعلیٰ کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نالائق اور نااہل وزیراعلیٰ ہیں لیکن عدلیہ انکی نااہل کے کیس کو نہیں دیکھ رہی حالانکہ پیپلز پارٹی کے کیسز روزانہ سنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ’’پٹیشن مافیا‘‘ کے ہاتھ کتنے لمبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پہلے واپڈا میں فوج لائے اب پنجاب میں میڈیکل مارشل لاء لگا دیا گیا ہے جو تشویشناک بات ہے قوم اور میاں نواز شریف کو اس کا بھی نوٹس لینا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 176476
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش