0
Tuesday 10 Jul 2012 10:59

کوئٹہ سے چمن، پشاور سے طورخم لانگ مارچ آئندہ ہفتے، مولانا سمیع الحق

کوئٹہ سے چمن، پشاور سے طورخم لانگ مارچ آئندہ ہفتے، مولانا سمیع الحق
اسلام ٹائمز۔ سموار کی رات ڈی چوک پارلیمنٹ ہائوس، اسلام آباد میں شرکائے لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ ہماری جنگ  یہودیوں، ہندووں اور صلیبیوں سے ہے۔ حکومت، وزارت اور اقتدار ہمارا مقصد نہیں ہے بلکہ ہم اللہ کی راہ میں جہاد کے لئے میدان عمل میں آئے ہیں۔ ہمارا یہ لانگ مارچ صلیبیت، یہودیت اور ان کے آلہ کاروں کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ ہماری یہ ریلی غیر سیاسی جہادی ریلی ہے جس کے ذریعے ہم نے ملک کو بچانا ہے۔ ہمیں غیر اعلانیہ غلام بنا دیا ہے گیا ہے، تہذیبی غلامی ہے جس کے تحت دستور، پارلیمنٹ اور ہمارے ادارے استعماری پنجوں میں جکڑے ہوئے ہیں۔ ہمیں یہودی تہذیب اور فحاشی کو جڑ سے اکھاڑنا ہے۔ امریکی غلامی اور امریکی غلاموں سے ملک کو آزاد کروانا ہوگا تب ہی اس ملک میں تبدیلی لائی جا سکے گی۔

ہماری پارلیمنٹ برائے نام اور بے وقار پارلیمنٹ ہے، امریکہ کی وجہ سے پارلیمنٹ کو بے وقار کیا گیا اور اب پارلیمنٹ کے ذریعے سپریم کورٹ اور عدلیہ کو بے وقار کیا جارہا ہے۔ آزادی ایک لانگ مارچ سے حاصل نہیں ہوگی، افغانستان کے لوگ 32 سال سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، مجاہدین کی استقامت کا نتیجہ ہے کہ سوویت یونین کو شکست فاش دی گئی اور اب امریکہ افغانستان سے بھاگنے کے بہانے تلاش کر رہا ہے۔ فرعون وقت، حس مبارک کے خلاف مصری عوام نے تحریر اسکوائر بنایا آپ کو بھی آزادی چوک میں دھرنا دینا ہو گا اور آخری دم تک لڑیں گے۔

شرکائے لانگ مارچ کو مخاطب کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ آپ حزب اللہ ہیں، اللہ کے سپاہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری یہ تحریک جاری رہے گی اور آئندہ ہفتے ہمارا احتجاج ان علاقوں کا رخ کرے گا جن علاقوں سے نیٹو سپلائی جاری ہے۔ کوئٹہ سے چمن اور پشاور سے طورخم بارڈر تک ہمارا لانگ مارچ آئندہ آنے والے دنوں میں منعقد ہو گا۔ بلوچستان میں شیعہ سنی فسادات اور فرقہ واریت کو ہوا دینا بھی اسی لئے ہے کہ وہاں نیٹو سپلائی کو جاری رکھا جا سکے۔ 14 اور 15 جولائی کو نیٹو سپلائی کے خلاف کوئٹہ تا جمن لانگ مارچ منعقد ہو گا۔ اسی طرح 16 اور 17 جولائی کو پشاور سے طورخم تک لانگ مارچ ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 177941
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش