0
Saturday 14 Jul 2012 09:34

یوم شہدائے کشمیر، مظاہرے اور ریلیاں، جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

یوم شہدائے کشمیر، مظاہرے اور ریلیاں، جدوجہد جاری رکھنے کا عزم
اسلام ٹائمز۔ ایل او سی کے دونوں طرف جمعہ کے روز یوم شہداء کشمیر انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشمیر کی آزادای کے لیے جدوجہد جاری رہے گی، آزاکشمیر میں یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر عام تعطیل رہی۔ تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں خصوصی تقاریب کا انعقاد ہوا، مظفرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے شہداء جموں و کشمیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن نہ صرف تاریخ کشمیر بلکہ تاریخ عالم میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور کشمیری عوام کو کربلا معلی کی یاد دلاتا ہے۔کشمیریوں نے اصولوں اور حق کی خاطر جان و مال کی لازوال قربانیوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ 

وزیراعظم کشمیر نے کہا کہ 84 ہزار مربع میل پر مشتمل ریاست جموں و کشمیر کے ایک کروڑ چالیس لاکھ انسان آج کے دن دی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور یہ دن اقوام عالم کو پیغام دیتا ہے کہ کشمیری نہ صرف متحد ہیں بلکہ اپنی لازوال تاریخ کے وارث ہیں۔ اگر پوری دنیا کی تاریخ کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو اس حقیقت کو کوئی نہیں جھٹلا سکتا کہ قیام پاکستان سے قبل بھی ریاست جموں و کشمیر کے لوگ جبر و استبداد کے خلاف برسرپیکار رہے، ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ خون سے لکھی گئی ہے۔ یہ سرزمین شہداء کی سرزمین ہے۔ 

کشمیر کے لوگوں نے لاکھوں جانیں دے کر تحریک کو زندہ رکھا، جس کا سارا کریڈٹ ریاست جموں و کشمیر کے لوگوں اور حریت قیادت کو جاتا ہے۔ انھوں نے مقبول بٹ شہید کو بھی سلام پیش کیا جنھوں نے ظلم و جبر کے خلاف لازوال جدوجہد کی اور اپنی کشمیر پر فدا کرکے ہمیشہ کے لیے امر ہوگئے۔ کشمیری قوم پاکستان کو اپنی منزل سجمھتی ہے اور آزادی کا بیس کیمپ پوری ریاست کا ترجمان ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ سے ایک بار پھر اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جو وعدہ کشمیری قوم کے ساتھ کیا تھا اسے پورا کرے۔آج پھر ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ ظلم کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔اپنی جانیں قربان کرتے رہیں گے مگر باطل کے سامنے سرنگوں نہیں ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 178923
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش