0
Saturday 21 Jul 2012 21:04

رمضان تزکیہ نفس اور ذاتی احتساب کا مہینہ ہے، صدر زرداری

رمضان تزکیہ نفس اور ذاتی احتساب کا مہینہ ہے، صدر زرداری
اسلام ٹائمز۔ رمضان المبارک کے موقع پر بلاول ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں ماہ رمضان کی آمد پر ملت اسلامیہ اور بالخصوص تمام پاکستانیوں، اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک بسنے والوں کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور خداوند کریم کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے ہمیں ماہ رمضان کی برکتوں اور رحمتوں سے مستفید ہونے کا موقع عطا کیا۔ میں یہ اُمید کرتا ہوں کہ تمام اہلِ وطن اس ماہ مبارک کی رحمتوں اور فضیلتوں سے فیضیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مبارک مہینہ مسلمانوں کو ہر سال ایک ایسا نادر موقع فراہم کرتا ہے کہ جہاں وہ عبادتِ الٰہی اور صوم و صلوٰۃ سے نہ صرف ثوابِ الٰہی اور خوشنودی مالک حاصل کرتے ہیں بلکہ تزکیۂ نفس اور تقویٰ کی منازل بھی طے کرتے ہیں۔ ماہِ صیام کے روزے جہاں انسان کو ضبطِ نفس اور دنیاوی خواہشات پر قابو پانے کا مؤثر درس دیتے ہیں وہاں اخوت و بھائی چارے، رواداری، برداشت اور باہمی ہمدردی کی خصوصیات کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ اس مبارک اور بابرکت مہینے کی آمد پر سب مل کر یہ عہد کریں کہ جہاں ہم اپنے مالکِ حقیقی کی رضا حاصل کرنے کے لیے سرگرم عمل رہیں گے وہاں اپنے معاشرے کی اصلاح کے لیے بھی تمام کوششیں بروئے کار لائیں گے تاکہ ہمارے معاشرے سے انتہا پسندی، دہشت گردی، فرقہ واریت کا قلع قمع ہوسکے۔ آئیے مل کر یہ عہد کریں کہ جہاں ہم اپنی صفوں میں اتحاد، اتفاق اور نظم و ضبط پیدا کریں گے وہاں جذبہ ایثار و قربانی کو بھی فروغ دیں گے اور ملک کی تعمیر و ترقی خصوصاً معاشرے کے ان افراد کے لیے جو کسی نہ کسی طرح استحصال کا شکار ہوتے رہے ہیں یا ہو سکتے ہیں اُن کے لیے بھی بے لوث خدمات سرانجام دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں یہ یاد رکھنا ہے کہ رمضان تزکیہ نفس اور ذاتی احتساب کا مہینہ ہے، اپنے نفس کی اصلاح کا مہینہ ہے اور اس ماہ کے روزوں کا مقصد ضبط و نفس، ایثار، قربانی اور باہمی ہمدردی و احساس ہے۔ خداوند کریم ہم سب کو توفیق عطا فرمائے کہ ہم ماہ رمضان کی برکات و فیوض سے مستفید ہوسکیں اور اپنی دنیا اور آخرت کو سنوار سکیں۔
خبر کا کوڈ : 180929
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش