0
Thursday 7 Jan 2010 15:31

امریکن بزنس کونسل کراچی کے متاثرہ تاجروں کو ایک ارب روپے دے گی،زرداری اور گیلانی پر مکمل اعتماد ہے،امریکی سفیر

امریکن بزنس کونسل کراچی کے متاثرہ تاجروں کو ایک ارب روپے دے گی،زرداری اور گیلانی پر مکمل اعتماد ہے،امریکی سفیر
کراچی:امریکی بزنس کونسل نے سانحہ بولٹن مارکیٹ کے متاثرین کیلئے ایک ارب روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے،یہ بات پاکستان میں امریکی سفیر محترمہ ڈبلیو این پیٹرسن نے امریکی بزنس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ ایک خصوصی بریفنگ اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات میں کہی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بات چیت ہوئی.امریکن سفیر نے گورنر سے کراچی میں عاشورہ کے دن ہونے والے سانحے پر اظہار افسوس کیا۔امریکی سفیر نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس کے علاوہ مزار قائد کا بھی دورہ کیا اور میوزیم میں رکھے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح کے نوادرات دیکھے۔امریکی سفیر نے کہا کہ امریکی بزنس کونسل کی جانب سے ایک ارب روپے کی امداد سانحہ یوم عاشور کے موقع پر تباہ ہونے والے متاثرین میں بلا تخصیص تقسیم کی جائے گی اور امریکن بزنس کونسل اس سلسلے میں امداد کی تقسیم کا شفاف اور آسان طریقہ کا ر مرتب کرے گی۔سفیر پیٹرسن نے کہا کہ وہ بولٹن مارکیٹ کے سانحے پر انتہائی غم زدہ ہیں اور تباہ ہونے والے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرنے کراچی آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر ہونے والی دہشت گردی سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ اب طالبان پاکستان میں قائم ہونے والی جمہوریت کے درپے ہیں اور اپنے مقاصد کے حصول کیلئے مزید کارروائیاں کر سکتے ہیں۔
دریں اثناء پاکستان میں امریکی سفیر محترمہ ڈبلیو این پیٹرسن نے کہا ہے کہ انہیں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور استحکام کے خواہشمند ہیں لیکن وہ پاکستان سول سوسائٹی,کاروباری طبقے اور ان کے رہنماؤں سے توقع رکھتی ہوں کہ وہ خاموش تماشائی بننے کی بجائے پاکستانی اور امریکی حکومت کے درمیان تعاون اور تعلقات کے فروغ کیلئے بھرپور اور سرگرم کردار ادا کریں گے,صدر اوباما پاکستان کی اقتصادی ترقی اور جمہوریت کے فروغ کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں۔پاکستان کو غربت کے خاتمے کیلئے غیر ملکی امداد پر انحصار کی بجائے اپنے ٹیکسوں کی وصولی میں شفاف طور پر اضافہ کرنا ہو گا۔ زراعت کو فروغ دینا ہو گا،غیر ملکی سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو راغب کرنا ہو گا تا کہ پاکستان میں توانائی اور دیگر سیکٹروں میں جاری بحران ختم ہونے میں مدد حاصل ہو سکے،پاکستان کی فوج قبائلی علاقوں میں بہترین کام کر رہی ہے،یہ باتیں انہوں نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر اپنے خطاب میں کہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ کراچی سے بزنس ویزوں کے اجراء کو شروع کرنے کے بعد دوسری اقسام مثلاً اسٹیڈی،تفریحی اور رشتہ داروں سے ملنے کیلئے عام ویزوں کا اجراء بھی شروع کیا جائے گا،تاہم اسکا آغاز کراچی میں امریکی قونصل خانے کی نئی عمارت میں منتقلی پر ہو گا۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی امریکا کو برآمدات کے تحفظ کیلئے ہم نے کنٹینر سیکورٹی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت 2009ء میں 46 ہزار کنٹینر اسکرین کئے گئے جبکہ 2010ء سے ہر سال ایک لاکھ کنٹینر کی اسکریننگ شامل کی جا رہی ہے لیکن پاکستانی حکام امریکی ماہرین کو ویزوں کا اجراء نہیں کر رہے ہیں اور اس میں ہونے والی تاخیر کے باعث پاکستان کے ماہرین کو تربیت دینے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 18157
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش