0
Tuesday 12 Jan 2010 11:14

پاکستان،امریکہ کو طویل مدت سٹریٹجک پارٹنر شپ کیلئے عدم اعتماد کا خاتمہ کرنا ہوگا،وزیراعظم

پاکستان،امریکہ کو طویل مدت سٹریٹجک پارٹنر شپ کیلئے عدم اعتماد کا خاتمہ کرنا ہوگا،وزیراعظم
اسلام آباد:وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المیعاد سریٹجک پارٹنرشپ کے لئے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کے فقدان کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم نے یہ بات امریکی سینیٹر کیرل لیون کی قیادت میں ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔کیرل لیون مسلح افواج کے متعلق کمیٹی کے سربراہ ہیں۔وزیراعظم نے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو بڑھانے کے لئے اپنی پر خلوص خواہش ظاہر کی اور کہا کہ امریکہ کولیشن سپورٹ فنڈ کے بقایاجات فوری ادا کرے۔پاکستان کو ڈرون ٹیکنالوجی دی جائے۔انٹیلی جنس اطلاعات فراہم کی جائیں اور پاکستان کو ان ممالک کی فہرست سے نکالا جائے جن کے حوالے سے اضافی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔اس سے پاکستان کے عوام میں امریکہ کا امیج بہتر ہو گا۔وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے خلوص کے بارے شکوک ظاہر کرنے والی امریکی اطلاعات پر افسوس ظاہر کیا اور کہا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے پاکستان سے بڑھ کر کسی اور ملک نے قربانی نہیں دی ہے۔وزیراعظم نے کوئٹہ شوریٰ یا طالبان قیادت کی پاکستان میں موجودگی کے تصور کو مسترد کر دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنی سرحد پر باڑ لگانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور دوسرے ممالک بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر اور دوسرے تنازعات طے کرانے کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔انہوں نے کہا  کہ فاٹا میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی ضرورت ہے۔کیونکہ فوجی اپریشن سے صرف 10 فیصد کام مکمل ہوتا ہے۔سینیٹر کیرل لیون نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا۔انہوں نے یقین دلایا پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈ سے جلد از جلد ادائیگی کے لئے کردار ادا کریں گے۔ملاقات میں امریکی سفیر بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم کے ساتھ ڈنمارک کی وزیر برائے ترقیات اولیٰ ٹیورناس نے بھی ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے دہشت گردی کی جنگ سے متاثرہ علاقوں میں تیز رفتار تعمیر نو کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں پاکستان کو یورپی یونین سے جی ایس پی پلس سکیم میں شامل کرنے کے لئے ڈنمارک کی مسلسل حمایت کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء ڈنمارک کی وزیر نے وزیر خزانہ شوکت ترین سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان کے لئے امداد کو 8 ملین ڈالر سے بڑھاکر28 ملین ڈالر کرنے کا اعلان کیا۔ اضافی امداد 2010-12 ءسے ملنا شروع ہو جائے گی۔ 
دریں اثنا قومی اسمبلی میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یوم عاشور کے دن کراچی کے واقعات افسوسناک ہیں۔ہم سب اس کی مذمت کرتے ہیں،امن و امان صوبائی معاملہ ہے ہمارے پاس سانحہ کراچی کے اعداد و شمار نہیں ہیں،وزیر داخلہ رحمان ملک اس سلسلے میں کراچی میں رکے ہوئے ہیں وہ آئیں گے تو پھر ہی اس کا جواب دے سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہاں جو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے اس پر بھی ہمیں افسوس ہے۔وزیر داخلہ رحمان ملک کراچی سے جب واپس آئیں گے تو پھر اس پر مکمل بحث ایوان میں کرائی جائے گی اور اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 18412
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش