0
Friday 3 Aug 2012 06:07

شریف برادران اور عمران خان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، ترجمان بلاول ہاؤس

شریف برادران اور عمران خان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، ترجمان بلاول ہاؤس
اسلام ٹائمز۔ بلاول ہاؤس کے ترجمان اعجاز درانی نے کہا ہے کہ شریف برادران اور عمران خان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں تاہم اقتدار کی ہوس میں دونوں ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگا کر عوام کے سامنے خود ہی اپنا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کر رہے ہیں۔ شریف خاندان اور عمران خان کا سیاسی نظریہ نہیں بلکہ یہ دونوں اپنے ذاتی مفادات کی خاطر ایک دوسرے کے پاؤں پڑنے میں بھی شرم محسوس نہیں کریں گے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ شریف برادران کو عوام کی حکمرانی اور آئین کی سربلندی سے کوئی دلچسپی نہیں، دونوں کو جمہوریت کا نام تک لینا زیب نہیں دیتا کیونکہ شریف برادران نے جنرل ضیاء اور عمران خان نے جنرل مشرف کی کوکھ میں سیاسی پرورش حاصل کی ہے۔ میاں نواز شریف کو گیارہ سالہ دور آمریت میں پنجاب کی وزرات خزانہ کا عہدہ جنرل ضیاء کے آشرباد سے حاصل ہوا جبکہ عمران خان کو میانوانی کی قومی اسمبلی کی نشست جنرل مشرف کی جانب سے ’’ انعام خاص ‘‘ کے طور پر نصیب ہوئی کیونکہ انہوں نے بدنام زمانہ صدارتی ریفرنڈم میں جنرل مشرف کے چیف پولنگ ایجنٹ کے فرائض انجام دینے میں بھی شرم محسوس نہیں کی تھی۔

ترجمان بلاول ہاؤس نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر صدر مملکت آصف علی زرداری میثاق جمہوریت کو نظر انداز کرنے ہوئے میاں شہباز شریف کو پنجاب میں حکومت بنانے کی خیرات نہیں دیتے تو آج ’’ چھوٹے میاں ‘‘ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی نہیں ہوتے اور ’’ بڑے میاں ‘‘ ماضی کی طرح دیار غیر میں سیاسی ہنی مون منا رہے ہوتے لیکن احسان فراموشی اور کمر پر وار کرنا ہمیشہ شریف خاندان کا وطیرہ رہا ہے۔ اعجاز درانی نے کہا کہ وزیراعظم تو بہت بڑی چیز ہے عمران خان تو ایک میونسپل کونسلر بننے کا حق بھی نہیں رکھتے کیونکہ ان کے آبائی حلقے کے لوگ کبھی بھی انہیں منتخب نہیں کریں گے اور جو سیاسی لاوارث اپنی جماعتیں چھوڑ کر عمران خان کی چھتری تلے جمع ہوئے ہیں انہیں گھر اور گھاٹ بھی نصیب نہیں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 184518
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش