0
Wednesday 8 Aug 2012 05:41

کراچی امن کا گہوارہ تھا، ٹارگٹ کلنگ بھتہ خوری پہچان بنادی گئی، سید منور حسن

کراچی امن کا گہوارہ تھا، ٹارگٹ کلنگ بھتہ خوری پہچان بنادی گئی، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن گزشتہ دنوں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے جماعت اسلامی نارتھ کراچی کے رہنما عبدالرشید فاروقی کے گھر گئے، ان کی والدہ، بھائی شکیل، خرم، بہنوئی فہیم، ندیم اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور شہادت پر مبارک باد دی۔ منور حسن کے ہمراہ جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی کراچی نسیم صدیقی، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری، امیر ضلع وسطی فاروق نعمت اللہ، امیر زون نارتھ کراچی احمر خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کارکنان جماعت، شہید کے اعزاء و اقرباء، دوست احباب اور اہلیان علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی جن سے خطاب کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ اس بستی کے لوگوں نے شہید کے ساتھ بڑی تعداد میں یکجہتی اور اپنائیت کا اظہار کرکے اس بات ثبوت دیا ہے کہ شہید کا مشن دعوت الی اللہ کا مشن تھا، اب اس کو آگے بڑھانا ہماری اور آپ کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے لوگوں سے پر امن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے اس شہر کو بری نظر لگ گئی ہے، کراچی پہلے امن و سکون کا گہوارہ تھا مگر اب بدامنی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ اس کی پہچان بن گئی ہے، ہر طرف خوف و ہراس کی فضا ہے، ایسے ماحول میں قرآن و سنت کی دعوت پھیلانے اور ظلم کے مقابلے میں عدل و انصاف کی بات کرنا ناممکن بنایا جا رہا ہے مگر ہمارے شہید نے جس جوانمردی کے ساتھ اس فریضے کو انجام دیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خون کے طفیل ہی آج امت کی فصل قائم ہے۔ برما، کشمیر، فلسطین، افغانستان ہر جگہ مجاہدین اور شہیدوں کی بدولت امت میں سلامتی اور فکر موجود ہے ورنہ حکمرانوں نے تو غلامی کا سودا کرکے قوم کو امریکہ کے ہاتھوں فروخت کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان کا بنیادی فریضہ غلبہ دین ہے، اسی کے نتیجے میں عدل و انصاف مل سکے گا، چوروں کے ذریعے چور کے ہاتھ نہیں کاٹے جا سکتے، امن اور خوشحالی چاہیے تو لٹیروں اور قاتلوں کے بجائے ایسے لوگوں کو ووٹ دینا ہوگا جو انسانوں کی خدمت اور دکھوں کا مداوا کرنے والے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہید کا یہی پیغام ہے کہ غلبہ دین کی جدوجہد جاری رکھی جائے، امریکہ بھارت اور اس کے مقامی ایجنٹوں سمیت جو بھی اسلام کا دشمن ہے اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ اس کے لئے تعلق باللہ کے ساتھ اسوہء مصطفیﷺ پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ بعد ازاں انہوں نے عبدالرشید فاروقی کے نام سے منصوب یادگار کا افتتاح، پرچم کشائی اور شہید کے درجات کی بلندی اور کراچی میں امن کیلئے دعائیں کی۔
خبر کا کوڈ : 185781
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش