0
Sunday 12 Aug 2012 16:16

ڈرون حملوں پر حکمرانوں کا رویہ بزدلانہ اور شرمناک ہے، سید وسیم اختر

ڈرون حملوں پر حکمرانوں کا رویہ بزدلانہ اور شرمناک ہے، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفاف ووٹر لسٹوں اور آزاد الیکشن کمیشن کے ساتھ بروقت انتخابات کی خاطر حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لئے گرینڈ الائنس وقت کی ضرورت ہے، اگر اپوزیشن جماعتیں متحد نہ ہوئیں تو ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے، لوگوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے اور حکومت کی جانب سے توجہ نہ دیے جانے کے باعث مسائل گھمبیر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کو محض چند ڈالروں کے عوض امریکہ کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے، نیٹو سپلائی کی بحالی سے 18 کروڑ عوام کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے، سیاسی و عسکری قیادت ملکی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرے، ملک کے کسی بھی کونے میں فوجی آپریشن قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی مفاداتی جنگ کو خیرباد کہتے ہوئے ناراض لوگوں سے مذاکرات کی راہ اختیار کی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ راء، سی آئی اے اور موساد سمیت بیس سے زائد ممالک کی خفیہ ایجنسیاں بلوچستان کے حالات خراب کر رہی ہیں، لوگوں کو ماورائے آئین اغوا اور قتل کیا جا رہا ہے، امن و امان قائم اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے ناکام ہو چکے ہیں، بلوچستان تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے حکمران ہوش سے کام لیتے ہوئے بلوچ قوم کو جائز حقوق دیں۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ ڈرون حملوں پر حکمرانوں کا رویہ بزدلانہ اور شرمناک ہے، پاکستان کو محب وطن اور دلیر قیادت کی ضرورت ہے، کشکول توڑنے تک ہم دنیا میں باوقار مقام حاصل نہیں کر سکتے۔
خبر کا کوڈ : 186893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش