0
Saturday 1 Sep 2012 20:40

حکمرانوں نے ملکی خود مختاری وائیٹ ہاوس کے پاس گروی رکھ دی ہے،فضل کریم

حکمرانوں نے ملکی خود مختاری وائیٹ ہاوس کے پاس گروی رکھ دی ہے،فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ پارٹی کارکنوں اور راہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ ملک لاقانونیت کی آگ میں جل رہا ہے، بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسانیت پر رحم کریں اور امن کا راستہ اختیار کریں، عالمی طاقتوں اور پڑوسی ممالک نے پاکستان کو میدان جنگ بنا لیا ہے، بعض عناصر فرقہ وارانہ قتل و غارت کے ذریعے ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں لیکن صوفیاء کے ماننے والے ملک کی سلامتی کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی قوتیں پاکستان کے اندرونی دشمنوں کی سرپرستی کر کے پاکستان کے ٹکڑے کرنے پر تلی ہیں لیکن ہمارے حکمران اس پر خاموش ہیں، ملک میں تبدیلی کا واحد راستہ نظامِ مصطفی کا نفاذ ہے، حکمرانوں کے تمام دعوے اور وعدے جھوٹے ہیں، سماج اور سیاست میں اشتعال انگیزی اور عدم برداشت کو ختم کرنا ہو گا، حکمرانوں نے پاکستان کی خودمختاری وائٹ ہاؤس میں گروی رکھ دی ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسانیت پر رحم کریں اور امن کا راستہ اختیار کریں کیونکہ اسلام ایک بے گناہ کے قتل کو ساری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیتا ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان اور اسلام کے دشمن پاکستانیوں کو آپس میں لڑا رہے ہیں، اس عالمی سازش کو قومی اتحاد کے ذریعے ہی ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے اسلام، پاکستان اور مسلمانوں کو بدنام کر رہے ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام دشمن فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا ہے اور ملک بدامنی اور بدعنوانی کا شکار ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان مخالف طالبان کو امریکہ اور بھارت کی سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاء کے ماننے والے اہل حق تشدد پر یقین نہیں رکھتے، ہم ووٹ کی طاقت سے انقلابِ نظامِ مصطفی برپا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام، فوج، حکومت، میڈیا اور سول سوسائٹی دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے اکٹھے ہو جائیں کیونکہ دہشت گردی کے ناسور نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے اور پوری قوم کو شدید ذہنی اضطراب میں مبتلا کر رکھا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل 7اکتوبر کو کراچی سے اسلام آباد تک استحکامِ پاکستان ٹرین مارچ کرے گی اور ملک میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے خلاف زوردار آواز بلند کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 191875
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش