0
Saturday 8 Sep 2012 04:27

سندھ میں بلدیاتی نظام کا نفاذ سندھ اور سندھ کے عوام کے مفاد میں ہے، قائم علی شاہ

سندھ میں بلدیاتی نظام کا نفاذ سندھ اور سندھ کے عوام کے مفاد میں ہے، قائم علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی نظام کا نفاذ سندھ اور سندھ کے عوام کے مفاد میں ہے، ان کی بھلائی کیلئے ہے، ہم اس نظام کے نفاذ پر سندھ کے تمام رہنماؤں اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات گورنر ہاؤس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بلدیاتی نظام کے آرڈیننس کے نفاذ پر الطاف حسین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری اور آپ نے صوبہ کے عوام کی خدمت اور مسائل کے حل کیلئے جو وژن دیا ہے، ہم اس کے تحت عوام کو ان کے گھروں تک مسائل کا حل پہنچانے کیلئے دن رات مل کر کام کر رہے ہیں اور انشاء اللہ ہم مل کر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے اور سندھ کی ترقی، عوام کے مسائل کے حل اور صوبہ میں امن و ہم آہنگی کے لئے ہم سب کو ساتھ لیکر چلیں گے۔

الطاف حسین نے ضعیف العمری کے باوجود بلدیاتی نظام کی بحالی میں خصوصی طور پر کوششیں کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں اور میرے تمام ساتھی آپ کی محنت اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں بلدیاتی نظام کے نفاذ پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی عوامی جمہوری حکومت نے بلدیاتی نظام کا قانون بنایا ہے، یہ جمہوریت کی فتح ہے جس پر صدر مملکت آصف زرداری، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم کی قیادت اور تمام جمہوریت پسند قوتیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ عوام کو اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کیلئے بلدیاتی نظام کا نفاذ کرکے صوبہ سندھ نے پہل کی ہے جس پر سندھ کے تمام عوام کو فخر ہے۔

سندھ کے وزیر بلدیات آغا سراج درانی نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں بلدیاتی نظام کے نفاذ پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم صدر مملکت آصف علی زرداری اور آپ کے وژن کے تحت سندھ کو ترقی و خوشحالی دینے کی پوری کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے بلدیاتی نظام کی تیاری میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ جمہوریت کے فروغ، سندھ کی ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہم سب ساتھ ہیں، ساتھ ہیں اور ساتھ چلیں گے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما اویس مظفر اور صوبائی وزیر شرجیل میمن نے بھی الطاف حسین سے گفتگو کی اور انہیں بلدیاتی نظام کے نفاذ پر مبارکباد پیش کی۔
خبر کا کوڈ : 193551
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش