0
Thursday 13 Sep 2012 21:09

غیر مشروط طور پر ایم ایم اے کی بحالی چاہتے ہیں، مولانا عطاء الرحمان

غیر مشروط طور پر ایم ایم اے کی بحالی چاہتے ہیں، مولانا عطاء الرحمان

اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے صوبائی سینئر نائب امیر مولانا عطاء الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں مذہبی جماعتوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، اس لئے ایم ایم اے کی بحالی جمعیت کی اولین ترجیح ہے۔ وہ جمعرات کو دورہ صوابی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سابق وفاقی وزیر سیاحت مولانا عطاء الرحمان نے کہا کہ ہم غیر مشروط طور پر ایم ایم اے کی بحالی چاہتے ہیں۔ باقی چھوٹے موٹے اختلافات اور مسائل ایم ایم اے کے پلیٹ فارم پر باہمی مشاورت سے حل کرینگے۔ قبائلی جرگہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کا مسئلہ حساس نوعیت کا ہے، اس لئے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان خود ان جرگوں کی سرپرستی کرکے اس میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم قبائلی عوام کو اعتماد میں لئے بغیر کسی بھی حکومتی فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے بلکہ ہم قبائل کو یہ حق دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جرگہ میں قبائلی عوام اور مشران کو واضح طور پر کہا ہے کہ آپ اس مسئلے کا خود حل تلاش کریں، جمعیت آپ کا بھرپور ساتھ دے گی۔ چونکہ جرگہ میں قبائلی مشران نے متفقہ موقف اختیار کیا کہ سب سے پہلے حکومت تمام قبائلی علاقوں میں مکمل امن قائم کرے تاکہ قبائلی عوام کو امن کی فضاء میں باہمی طور پر مل بیٹھنے کا موقع ملے تب وہ مستقبل کا فیصلہ کرسکیں گے، انہوں نے کہا کہ اس لئے جمعیت امن کی بحالی میں قبائلی عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے۔

20 ستمبر کو منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک اور خصوصاً ہمارا صوبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے، لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے۔ اغواء برائے تاوان ایک منافع بخش کاروبار کی صورت اختیار کرچکا ہے۔ چونکہ عوام کی نظریں جمعیت پر لگی ہیں لہٰذا جمعیت کے اکابرین نے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ صوبہ کی تمام پارٹیوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے تاکہ وہ مل بیٹھ کر ان مسائل کا متفقہ حل تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں نے دعوت قبول کرلی ہے، اس لئے اس کانفرنس سے مثبت نتائج کی توقع ہے۔

خبر کا کوڈ : 195212
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش