0
Saturday 22 Sep 2012 17:49

عوام 23 ستمبر کو ناموس مصطفی ( ص ) مارچ میں بھرپور شرکت کریں، محمد حسین محنتی

عوام 23 ستمبر کو ناموس مصطفی ( ص ) مارچ میں بھرپور شرکت کریں، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ امریکہ اور اسرائیل کی گٹھ جوڑ سے بنائی گئی توہین رسالت پر مبنی فلم کے خلاف جماعت اسلامی کی اپیل پر شہر بھر کی سینکڑوں مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ احتجاجی پروگرامات میں عوام الناس کی بڑی تعداد نے جذبہ ایمانی سے سرشار ہوکر شرکت کی اور ’’ غلامی رسول میں موت بھی قبول ہے، گستاخ رسول کی ایک سزا سر تن سے جدا اور امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے ‘‘ کے پرجوش نعرے لگائے۔ مظاہرین نے امریکی اسرائیلی پرچم اور گستاخ رسول کے پتلے نذر آتش کرکے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ مظاہروں، جلوس اور ریلیوں سے امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی، جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی اور دیگر مرکزی و مقامی قائدین نے خطاب کیا۔ اس ضمن میں ایک بڑی ریلی جامع مسجد رضوان فیڈرل بی ایریا تا واٹر پمپ چورنگی نکالی گئی جس کی قیادت محمد حسین محنتی، مفتی منہاج الرحمن، مولانا عنایت الرحمن اور منعم ظفر خان نے کی۔ ریلی میں بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ امریکہ نے مسلمانوں پر عسکری یلغار کے ساتھ تہذیبی و ثقافتی جنگ بھی مسلط کر رکھی ہے، وقتاً فوقتاً نبی رحمت ﷺ اور قرآن مجید کی توہین کرکے مسلمانوں کے جذبہ ایمانی کا امتحان لیا جارہا ہے، امت کی ایمانی حرارت اور اتحاد نے طاغوتی عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے، حکومت یوم عشق رسول منانے کے ساتھ امریکی غلامی سے باہر آئے اور محمد ﷺ کی غلامی اختیار کرے۔ عشق رسول ﷺ کے ساتھ اتباع رسول بھی کیا جائے تاکہ اسلامی انقلاب ہمارا مقدر بنے۔ انہوں نے کہا کہ آج باطل کے سامنے ڈٹ جانے اور امریکہ کے سامنے کھڑے ہوکر قوم نے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ فروعی اختلافات اپنی جگہ مگر نبی کے نام پر ہم سب یک دل و یک جان ہیں۔ پوری امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے، مسلم حکمران اپنے اقوام کی ترجمانی کریں اور اپنے اپنے ممالک سے امریکی سفیروں کو نکال باہر کریں، قوم بھی مغربی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرے۔ انہوں نے امریکی قونصلیٹ پر ناموس رسالت کی خاطر جان دینے والے نوجوان علی رضا تقوی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑی تو امت کا بچہ بچہ بھی جان دینے سے گریز نہیں کرے گا۔

انہوں نے اپیل کی کہ عوام 23 ستمبر کو تبت سینٹر پر ہونے والے ناموس مصطفیﷺ مارچ میں بھرپور شرکت کرکے عشق مصطفیﷺ کا ثبوت دیں۔ نسیم صدیقی نے بطحا کالونی نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں جامع مسجد اسلامیہ کے باہر عاشقان رسول ﷺ کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیطان بزرگ امریکہ نے آقائے نامدار ﷺ کی شان میں گستاخی کرکے مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کیا ہے، مگر اسے یہ بات جان لینا چاہیے کہ امت کا ایک ایک فرد اپنی جان تو قربان کرسکتا ہے مگر اپنے نبی ﷺ کی حرمت پر کوئی حرف برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے حکمرانوں سے اپیل کی کہ عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے شان رسالت میں گستاخی کے مرتکب ممالک کے سفیروں بالخصوص امریکی سفارت کار کو ملک بدر کیا جائے اور سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 197643
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش