0
Tuesday 25 Sep 2012 15:35

ڈکٹیٹر پرویز مشرف، شہید بے نظیر بھٹو کے قتل میں براہ راست ملوث ہے، پیر مظہرالحق

ڈکٹیٹر پرویز مشرف، شہید بے نظیر بھٹو کے قتل میں براہ راست ملوث ہے، پیر مظہرالحق
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبر و سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینئر صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی پیر مظہر الحق نے کہا ہے کہ آمر مشرف کا شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل میں چالان ہوا ہے اور اس کو اشتہاری ملزم قرار دیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ آمر مشرف ایک بے شرم اور خود غرض قسم کا آدمی ہے جس نے عالمی سطح کی رہنما کے لئے کہا تھا کہ ” وہ اپنی موت کی خود ذمہ دار ہے “ اس قسم کا الزام لگانے سے قبل آمر مشرف کو اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس نے آمریت کے ذریعے ملک کے امن و امان کو برباد کیا اور صوبوں کے مابین تفریق پیدا کرنے کی گھناﺅنی سازشیں کیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آمر مشرف کا یہ بیان ریکارڈ پر ہے کہ وہ اپنی زندگی میں بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کو ملک میں واپس نہیں آنے دیں گے اور اپنے اس بیان پر عمل کرتے ہوئے اس نے نواز شریف کے جہاز کو جبری طور پر واپس کردیا۔

انہوں نے کہا کہ کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی رہنما کو سیکیورٹی مہیا نہ کرکے یہ بات ثابت کی کہ وہ شہید رانی کی شہادت میں براہ راست ملوث ہے۔ کئی غیر ملکی معروف تحقیق کرنے والے اداروں نے بھی ناقص سیکیورٹی فراہم کرنے کی نشاندہی کی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ آمر مشرف بے نظیر بھٹو شہید کی شہادت کے معاملے میں ملوث ہے۔ یہ بات بھی آن ریکارڈ ہے کہ 27 دسمبر کو ہونے والے جلسے کو بھی مناسب سیکیورٹی فراہم نہ کرنے والوں کو آمر مشرف نے خراج تحسین پیش کیا تھا اور یہ بات بھی اس کے ملوث ہونے کا ثبوت ہے۔ پیر مظہرالحق نے کہا کہ عظیم قائد محترمہ بے نظیر بھٹو کی المناک شہادت سے آج ملک میں آمریت کا خاتمہ اور جمہوریت کا سورج طلوع ہوا ہے۔ شہید رانی کے لخت جگر اور پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو پاکستان بھر کے نوجوانوں کے آئیڈیل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 198448
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش