0
Saturday 29 Sep 2012 21:14

گوادرپورٹ کو ناکام بنانے کیلئے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے،رحمت وردگ

گوادرپورٹ کو ناکام بنانے کیلئے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے،رحمت وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ ہم نے روز اول سے اکبر بگٹی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے کیونکہ وہ محب وطن بزرگ سیاستدان تھے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کو ناکام بنانے کے لئے غیر ملکیوں کے پروپیگنڈے کے باعث بلوچستان کے مسئلے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو صرف موجودہ حکومت میں 1 کھرب روپے ملے ہیں اور وہاں کے منتخب نمائندوں سے پوچھا جانا چاہئے کہ ملنے والے 1 کھرب روپے کہاں استعمال کئے گئے؟ یہ بات انہوں نے چیئرمین تحریک استقلال کراچی سٹی عبدالرشید ایڈووکیٹ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کی تکمیل کے 5 سال کے اندر گوادر کی آبادی 1 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے اس لئے آئینی ترمیم کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ بلوچستان میں نئے آباد ہونیوالوں کو نہ توووٹ کا حق حاصل ہوگا اور نہ ہی سیاست کرنے کا۔ گوادر پورٹ کے بعدکاروبار کرنیوالوں کو مکمل آزادی ہونی چاہئے اس سے بلوچستان کو زبردست ترقی حاصل ہوگی مگر ووٹ اور سیاست کا حق نہیں ہونا چاہئے کیونکہ اس عمل سے بلوچستان کی مقامی آبادی اقلیت میں تبدیل ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بلوچ‘ بروہی‘ لاسی اور پشتون آباد ہیں اور بلوچستان کے متعلق فیصلے کرتے وقت تمام قومیتوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کو معدنیات اور گوادر پورٹ پر 50% حق دیا جائے تاکہ بلوچستان کی ترقی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی مقامی قیادت زیادہ موجودہ حالات کی ذمہ دار ہے اور بلاوجہ ایجنسیوں اور فوج کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ بلوچستان کا اقتدار مقامی نمائندوں کے پاس رہا ہے اور ترقی نہ ہونے کے زیادہ ذمہ دار مقامی رہنما ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کی تکمیل سے بلوچستان میں زبردست ترقی ہو گی اور افغانستان و وسط ایشیائی ریاستوں کیلئے گوادر پورٹ بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے اس لئے غیر ملکی قوتیں بلوچستان میں بے چینی پھیلا کر گوادر پورٹ کے منصوبے کو سبوتاژ کر رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 199561
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش