0
Thursday 4 Oct 2012 02:42

توہین آمیز فلم کے ذریعے امریکا نے ایک اور عالمی جنگ کا ماحول پیدا کیا ہے، سراج الحق

توہین آمیز فلم کے ذریعے امریکا نے ایک اور عالمی جنگ کا ماحول پیدا کیا ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکا اور مغرب نے توہین رسالتؐ پر مبنی گستاخانہ فلم بناکر اسلام دشمنی کا ثبوت دیا ہے، توہین آمیز فلم معمولی واقعہ نہیں امریکا نے اس فلم کے ذریعے دنیا میں ایک اور عالمی جنگ کا ماحول پیدا کیا ہے، اگر مسلم حکمران امریکا کا اقتصادی بائیکاٹ کردیں تو امریکا گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوجائے گا۔ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں لیکن اپنے نبی کریمؐ کی شان میں گستاخی کسی صورت قبول نہیں کرسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی (حلقہ خواتین) کراچی کے تحت توہین رسالت ؐ پر مبنی فلم کے اجراء کے خلاف مزار قائد پر منعقدہ خواتین کے ایک بہت بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، سیکریٹری نسیم صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر نصراللہ خان شجیع، شرقی کے امیر اسامہ بن رضی اور دیگر بھی موجود تھے۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی (حلقہ خواتین) پاکستان کی مرکزی اسسٹنٹ سیکریٹریز دردانہ صدیقی، کوثر مسعود، صوبہ سندھ کی ناظمہ افشاں نوید، ناظمہ کراچی رعنا فضل اور دیگر نے کی۔ مظاہرے میں ہزاروں خواتین نے اپنے شیر خوار بچوں کے ہمراہ شرکت کی اور ناموس رسالتؐ کے تحفظ کا عزم کیا۔ قبل ازیں باغ جناح میں شان رسالتؐ کانفرنس منعقد کی گئی جس سے خواتین رہنماؤں نے خطاب کیا۔

سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی اکرمؐ سے محبت ایمان کی نشانی ہے اور یہ جنت کی کنجی ہے آج ہم اس لئے مظلوم ہیں کہ دشمن نے ہمیں چیلنج کیا ہے ایک طرف وہ ہمارے اوپر بمباری کر رہا ہے اور دوسری جانب ہم پر تہذیبی یلغار بھی جاری ہے۔ افغانستان میں اسلحے اور طاقت کے باوجود امریکا کو جب شکست کا سامنا کرنا پڑا تو اس نے توہین آمیز فلم بناکر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش کی۔ امریکا نے فلم تیار کرکے دنیا میں ایک اور عالمی جنگ کا ماحول بنایا ہے، یہ مسلمانوں کے ایمان کو چیلنج کرنے کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں اوبامہ نے جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اپنے جھنڈے جلانے کا ذکر کیا انہیں اپنے پرچم کی فکر ہے مسلمانوں کے جذبات کی نہیں۔ مسلمانوں نے پوری دنیا میں احتجاج کرکے ثابت کیا ہے کہ وہ سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں اپنے نبی کریمؐ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتے، اگر مسلم حکمران امریکا کا اقتصادی بائیکاٹ کرتے اور امریکا سے سخت احتجاج کرتے اور عرب ممالک اپنے پیسے مغرب کے بینکوں سے نکالنے کا اعلان کردیتے تو امریکا گھٹنے ٹیکنے پر تیار ہوجاتا۔ ہمارے حکمران اس جنگ میں امریکا کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرداری برطانیہ میں ہیں مگر اس واقعے پر کوئی احتجاج نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر کو بچانے کیلئے بے گناہ مسلمانوں کو خاک و خون میں نہلایا گیا ہے، یہ سب کچھ امریکا کو خوش کرنے کیلئے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مسائل کا حل بابرکت اسلامی انقلاب میں ہے، جب تک قیادت بزدلوں اور امریکی غلام حکمرانوں کے ہاتھ میں ہے اس طرح کے واقعات ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف نیٹو حملہ کر رہا ہے دوسری جانب نیٹو سپلائی بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے مگر قوم کا فیصلہ ہے کہ وہ نیٹو سپلائی بحال نہیں ہونے دے گی۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ مغرب اسلام، قرآن اور ناموس رسالتؐ پر حملے کرکے مسلسل اپنی اسلام دشمنی کا ثبوت دے رہا ہے، اب ایک بار توہین رسالتؐ پر مبنی فلم جاری کرکے مسلم دشمنی کا ثبوت دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف افغانستان، عراق، فلسطین پر عسکری حملہ جاری ہے دوسری جانب تہذیبی یلغار بھی جاری ہے، ہمیں اس صورتحال کا مقابلہ کرنا ہے، ہم ناموس رسالتؐ پر اپنی جاں تک قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔ حکومت امریکا سے اپنے سفیر کو فی الفور واپس بلائے۔ نسیم صدیقی نے کہا کہ خواتین نے آج سڑکوں پر نکل کر اپنی دینی غیرت و حمیت کا ثبوت دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 200688
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش