0
Tuesday 16 Oct 2012 04:00

گلگت بلتستان میں سفید چھڑی کا عالمی دن شایان شان انداز میں منایا گیا

گلگت بلتستان میں سفید چھڑی کا عالمی دن شایان شان انداز میں منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی سفید چھڑی کا عالمی دن شایان شان انداز میں منایا گیا۔ گلگت میں سفید چھڑی کے دن کے حوالے سے جوٹیال ہیلی چوک سے لالک جان اسٹیڈیم تک ایک ریلی نکالی گئی، جس میں اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس میں زیر تعلیم خصوصی بچوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ خصوصی بچوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر سفید چھڑی امن و آشتی کا نشاں، خصوصی افراد سے بھی نارمل افراد کی طرح برتاؤ کریں جیسے نعرے درج تھے۔ ریلی لالک جان اسٹیڈیم پر پہنچ کر جلسے کی صورت اختیار کی گئی۔ تقریب کے دوران اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے ڈپٹی ڈائریکٹر وفا بیگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا ان معذور بچوں کا دن ہے جو دیکھنے کی صلاحیت سے محروم ہیں، عام آدمی 80 فیصد علم دیکھنے سے حاصل کرتا ہے بقیہ 20 فیصد علم سننے، محسوس کرنے اور چھونے سے حاصل ہوتا ہے، نابینا افراد 80 فیصد علم سے محروم ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان خصوصی افراد کے حقوق اور فرائض کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے اس ریلی کا اہتمام کیا گیا تاکہ ان خصوصی افراد کے حقوق بہتر انداز میں ادا کئے جائیں کیونکہ ہم فرائض ادا کریں تو حقوق خود بخود پورے ہوتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل کے فنڈز ختم ہونے کی وجہ سے مشکلات ہیں، ادھار میں کسی پیٹرول پمپ سے تیل ادھار میں لا رہے ہیں مگر آج تک ایک روپیہ بھی ڈیزل کی مد میں ادا نہیں کیا گیا ہے، اسی طرح اسپیشل کمپلیکس صرف ایک ہی ادارہ ہے اس لئے ڈائریکٹوریٹ کا قیام عمل میں لانے کی ضرورت ہے اور پورے گلگت بلتستان میں ان خصوصی بچوں کے لئے ادارے کھولنے کی ضرورت ہے تاکہ تمام خصوصی بچے زیور تعلیم سے مستفید ہوسکیں۔ تقریب کے دوران اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1988ء سے گلگت بلتستان میں اسپیشل ایجوکیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور 2010ء میں خصوصی افراد کے مختلف سیکشن بھی بڑھائے گئے ہیں، جن میں نابینا بچوں، جسمانی معذور بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں خصوصی بچوں کے لئے ہاسٹل نہ ہونے کی وجہ سے بہت سارے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ تعلیم کے خصوصی بچوں کو یہاں آنے جانے میں سخت مشکلات و مسائل کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گلگت شکور احمد نے بھی خطاب کرتے ہوئے خصوصی بچوں کی معاشرے میں اہمت پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو زیادہ توجہ دیتے ہوئے انہیں کسی قسم کی بھی کمی محسوس ہونے نہیں دیا جائے تاکہ وہ بھی نارمل انسانوں کی طرح اپنی زندگی بسر کرسکیں۔ تقریب کے دوران دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ اسپشل ایجوکیشن کمپلیکس میں زیر تعلیم بچوں نے سفید چھڑی کے دن کے حوالے مختلف نغمے اور ٹیبلوز پیش کئے۔
خبر کا کوڈ : 203939
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش