0
Saturday 20 Oct 2012 02:55

کراچی میں قتل و غارت گری کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے، لیاقت بلوچ

کراچی میں قتل و غارت گری کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ مختلف سیاسی مذہبی اور سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر پرویز محمود کی سماجی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز محمود اور عبدالواحد کو شہید کرنے والوں نے بدترین ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کیا ہے۔ کراچی میں جاری قتل و غارت گری کی ذمہ دار متحدہ ہے، بدامنی، دہشتگردی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے راستے گورنر ہاؤس سے ملتے ہیں۔ ٹی وی، وی سی آر بیچ کر اسلحہ خریدنے کا درس دینے والوں نے کراچی کو مقتل گاہ میں تبدیل کردیا ہے۔ کراچی میں جاری دہشتگردی امریکا کی گریٹ گیم کا حصہ ہے۔ سپریم کورٹ کے از خود نوٹس میں دہشتگردوں کو بے نقاب نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے کراچی پریس کلب میں جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر پرویز محمود اور عبدالواحد شہید کی یاد میں منعقدہ شہادت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہادت کانفرنس سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ، جماعت اسلامی سندھ کے امیر اسد اللہ بھٹو، ن لیگ کے رہنما سلیم ضیاء، امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی، نائب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اسلم غوری، تحریک انصاف کے حفیظ الدین، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما قاضی احمد نورانی، سنی تحریک کے آفتاب قادری، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے فیصل شیخ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے اکبر مینگل، عوامی تحریک کے مظہر علی راہوجہ و دیگر نے خطاب کیا۔ کانفرنس سے امریکا میں مقیم ڈاکٹر پرویز محمود کے بڑے بھائی جاوید محمود نے بھی ٹیلی فونک خطاب کیا۔ کانفرنس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شریک تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی سیکریٹری نسیم صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ تمام تر دھمکیوں کے باوجود ڈاکٹر پرویز محمود نے اپنی فکر اور پیغام کو نہیں چھوڑا، ان کو شہید کرنے والے ٹارگٹ کلر کو عوام اچھی طرح جانتے ہیں، کراچی میں جاری دہشتگردی امریکا کے گریٹ گیم کا حصہ ہے، پاکستان کو ناکام ریاست ثابت کرنے کیلئے کراچی، بلوچستان میں دہشتگردی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے آلہ کار اپنا کھیل کھیل رہے ہیں۔ ملالہ پر حملہ قابل مذمت ہے مگر اس کی آڑ میں شمالی وزیرستان میں آپریشن کی بات کی جارہی ہے۔ کراچی کا مسئلہ ٹارگٹ کلنگ ہے، بلاامتیاز لوگوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ عالمی اور قومی سطح پر باور کرایا جارہا ہے کہ عوام نے مینڈیٹ دیا ہے لیکن حقیقت میں یہ مینڈیٹ نہیں جمہوریت کا قتل ہے، پولنگ اسٹیشن پر قبضے اور ٹھپے کے ذریعے جعلی مینڈیٹ حاصل کیا گیا ہے۔ کراچی مہذب شہر تھا، جمہوریت اس کا مزاج تھا مگر اس شہر کو دہشتگردوں نے تاراج کردیا ہے۔ کراچی میں امن قائم کرنا وفاقی اور صوبائی حکومت کی ترجیح نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 204927
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش