0
Monday 22 Oct 2012 13:59

امام کعبہ حج کو بیداری ملت کا ذریعہ بنائیں، آل پارٹیز کانفرنس

امام کعبہ حج کو بیداری ملت کا ذریعہ بنائیں، آل پارٹیز کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر (گھانچی ہال نارتھ ناظم آباد میں) پانچویں سالانہ آل پارٹیز کانفرنس بعنوان حج بیداری ملت کا پیغام مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی جماعت اسلامی کے رہنما برجیس احمد تھے جبکہ جمعیت علمائے اسلام (س) کے مرکزی رہنما مفتی عثمان یار خان، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، مفتی محمد اسلم نعیمی، مسلم لیگ (ن) کے محمد اسلم خٹک، تحریک انصاف کے اسرار عباسی، علامہ آغا حسن صلاح الدین، مفتی عبدالمجید اشرفی، علامہ سید اشرف قریشی، لئیق احمد، ڈاکٹر عامر عبداللہ محمدی، مفتی جان محمد نعیمی، علامہ دلاور رحمانی، پروفیسر حافظ عبد الماجد انصاری، علامہ الیاس ستار، عوامی تحریک کے خان محمد بلوچ، مفتی انیس الرحمان، مولانا صلاح الدین ایوبی، مولانا قاری محمود شاہ، مسلم لیگ ق کے انور شاہ کشمیری، مسلم لیگ فنکشنل کے محمد شاہد صابری، سیدرضی، محمد رضا جعفری کے علاوہ دینی مدارس کے سربراہان اور آئمہ مساجد نے شرکت کی۔

کانفرنس میں علماء مشائخ اور مذہبی و سیاسی زعماء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجتماع حج کو ملت کی بیداری کا ذریعہ ہونا چاہئے، سعودی عرب اور امام حج فلسطین، کشمیر، برما، افغانستان، عراق، لیبیا سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی داد رسی اور امریکہ، اسرائیل، بھارت سمیت عالمی استعمار کے خلاف دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں حجاج کرام اور ملت اسلامیہ میں شعور و بیداری پیدا کریں، ملت اسلامیہ کو استعمار کے پنجہ استبداد اور غلامی و محرومی سے نجات دلانے کا پیغام دیں۔ دنیا بھر میں مسلمانوں پر جاری یہود و نصاریٰ کے مظالم کیخلاف آواز اٹھائیں۔ حج ایک عالمی مسلم کانفرنس ہے جو اتحاد بین المسلمین کے ساتھ ساتھ مظالم سے نجات کا ذریعہ بھی ہونا چاہئے۔
 
کانفرنس میں منظور کردہ قراردادوں میں امریکی ڈرون حملوں، ملالہ یوسف زئی پر فائرنگ، جامعہ دارالخیر گلستان جوہر کے تین طلبہ سمیت بیگناہ شیعہ سنی ٹارگٹ کلنگ اور محاذ کے صدر علامہ مرزا یوسف حسین کیخلاف کردار کشی پر مبنی اشتعال انگیز ایس ایم ایس کی شدید مذمت کی گئی۔ مساجد، مدارس، امام بارگاہوں اور علماء کرام کے تحفظ کے لئے فی الفور یقینی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا جبکہ علماء کرام کے قاتلوں کی جلد گرفتاری اور معصوم انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے فعال کردار کے لئے احکامات جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ رسول مکرم دنیا کی مقدس ترین ہستی ہیں، ان کے خلاف گستاخانہ اور توہین آمیز فلم کی تمام مکاتب فکر بالاتفاق مذمت کرتے ہیں، سعودی حکومت، او آئی سی اقوام عالم میں توہین رسالت کو عالمی سطح پر قابل سزائے موت جرم قرار دلوانے کے لئے موثر کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 205611
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش