0
Tuesday 6 Nov 2012 00:46

ملک کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو امریکی سامراج کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکے، سراج الحق

ملک کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو امریکی سامراج کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں اے این پی اور پیپلز پارٹی کو شکست فاش دیں گے اور انشاء اللہ تعالیٰ جماعت اسلامی کلین سویپ کریگی۔ جماعت اسلامی برسراقتدار آکر ملک کو امریکی غلامی سے نکال کر پاکستان کو ایک آزادانہ، خودمختار اسلامی و فلاحی مملکت بنادے گی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پشاور کے علاقہ واحد گڑھی میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ اسلامی انقلاب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ خان ایڈووکیٹ، جماعت اسلامی ٹائون ٹو پشاور کے امیر فضل اللہ دائودزئی، مقامی امیر وسیم احمد اور سابق یونین کونسل نائب ناظم نظام اللہ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے مزید کہا کہ ملک کو ایسی جاندار اور جرأت مند قیادت کی ضرورت ہے جو امریکی سامراج کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکے۔ 

اُنہوں نے کہا کہ امریکہ کے کاسہ لیس حکمرانوں نے ملک کو غیروں کا دست نگر بنادیا ہے۔ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ہر قسم کے انسانی و قدرتی وسائل سے نوازا ہے اور اگر اہل اور دیانت دار قیادت میسر آجائے تو مختصر مدت میں پاکستان ایک عظیم اقتصادی قوت بن سکتا ہے۔ اُنہوں نے عوام سے کہا کہ وہ ووٹ کی پرچی کے ذریعے ملکی وسائل کو دونوں ہاتھوں سے ہڑپ کرنیوالے سیاستدانوں کو سیاست سے آوٹ کردیں۔ اے این پی اور پیپلز پارٹی کی مخلوط صوبائی حکومت نے صوبہ خیبر پختونخوا کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ صوبے میں میرٹ نام کی کوئی چیز نہیں۔ نوکریاں فروخت ہورہی ہیں۔ غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ جلسہ اسلامی انقلاب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اسرار للہ خان نے کہا کہ مستقبل جماعت اسلامی کا ہے۔ جماعت اسلامی ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجوں سے عہدہ براہ ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں بڑے پیمانے پر عوام کی جماعت اسلامی میں جوق در جوق شمولیت جماعت اسلامی کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت کا ثبوت ہے۔
خبر کا کوڈ : 209450
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
متعلقہ خبر
ہماری پیشکش