0
Saturday 27 Feb 2010 10:55

ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی(ص) عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی(ص) عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے
اسلام آباد:اسلام ٹائمز-روزنامہ جنگ کے مطابق ملک بھر میں آج جشن عید میلاد النبی (ص) عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ سرکار ی اور نجی عمارتوں،مساجد،گلی کوچوں اور محلوں کو برقی قمقموں اور آرائشی سامان سے دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔آج دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی،ترقی اور خوشحالی کی دعاؤں کے ساتھ کیا جائے گا جبکہ وفاقی دارالحکومت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں21 توپوں کی سلامی دی گئی۔جشن عید میلادالنبی (ص) کی مناسبت سے ملک کے سرکاری اور نجی اداروں میں عام تعطیل ہے۔اس موقع پر چاروں صوبوں،آزاد کشمیر،شمالی علاقہ جات اور ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے جلوس،سیرت کانفرنسیں اور نعت خوانی اور میلاد کی محافل منعقد کی جا ئیں گی۔دارالحکومت اسلام آباد اور روالپنڈی میں سرور کائنا ت (ص) کی ولادت با سعادت کے موقع پر اہم عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے۔شاہراہیں جگمگا رہی ہیں اور گلی گلی ذکر رسول (ص) کی محافل نے ماحول کو منور اور معطر کر دیا ہے۔
لاہور میں بھی سرکاری اور نجی عمارتوں،مساجد،مزارات اور گلی محلوں کو برقی قمقوں اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔مختلف تنظیموں کی جانب سے جلوس نکالے جائیں گے۔تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام 26 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔
کراچی میں بھی عید میلاد النبی(ص) کے سلسلے میں پورے شہر کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔بڑی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے جبکہ کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔رات بھر عاشقان رسول کی جانب سے جلسے، جلوس،ریلیاں،نعت خوانی،درود وسلام اور محافل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔پشاور میں بھی جشن عید میلادالنبی (ص) مذہبی عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔تاجروں اور دیگر مذہبی تنظیموں نے شہر کو دلہن کی طرح سجا دیا ہے۔کوئٹہ میں بھی گھروں اور اور عمارتوں کو سبز پرچموں اور رنگ برنگی لائٹوں سے سجایا گیا ہے۔جشن عید میلاد البنی(ص) کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ جلسے اور جلوسوں کے راستوں پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی بھاری تعداد تعینات رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 21036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش