0
Sunday 11 Nov 2012 20:29

گستاخانہ فلم اور کراچی میں قتل وغارت کیخلاف سنی تحریک لاہور کا احتجاج

گستاخانہ فلم اور کراچی میں قتل وغارت کیخلاف سنی تحریک لاہور کا احتجاج
اسلام ٹائمز۔ امریکہ میں بنائی جانے والی گستاخانہ فلم کے خلاف، پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام پریس کلب کے باہر مظاہرہ ہوا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان نے کہا کہ یہود و نصاریٰ آئے روز دین اسلام اور نبی کریم(ص) کی شان میں گستاخیاں کرنے اور عالم اسلام کی غیرت ایمانی کو جانچنے کے لئے کبھی گستاخانہ خاکے شائع کرتے ہیں تو کبھی قرآن پاک کی بے حرمتی کی جاتی ہے، تو کبھی توہین آمیز فلم بنائی جاتی ہے۔ جس سے مسلمانوں کے مذہبی و روحانی جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عاشقان رسول نے ہمیشہ ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے نہ صرف آواز بلند کی بلکہ اپنی جانوں کے نذرانے دینے سے بھی گریز نہیں کیا، غازی عبدالقیوم شہید، غازی علم دین شہید، شہید عامر چیمہ دور حاضر کی مثال ہیں، انہیں عاشقان رسول تاقیامت خراج عقیدت پیش کرتے رہیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ مغربی دنیا کو مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے سے باز رہنا چاہیے، امریکہ اور یہودی لابی کو کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، دنیا کا کوئی مذہب کسی بھی پیغمبر کی توہین کی اجازت نہیں دیتا اظہار رائے کی آزادی کے نام پر کسی بھی مذہب کو نشانہ بنانا انتہا پسندی ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت کی تحریک جاری رہے گی، ہمارے کارکنان کو پے درپے شہید کیا جا رہا ہے، قاتلوں کو گرفتار کرنے کی بجائے انہیں کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، جس کی وجہ سے ٹارگٹ کلرز کے حوصلے بلند اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس موقع پر سنی تحریک لاہور سٹی کے صدر محمد طاہر قادری، محمد نواز قادری، حافظ محمد رمضان قادری سمیت ممتاز سیاسی، مذہبی، اور سماجی شخصیات اور سنی تحریک کے عہدیداروں اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ریلی کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک سے امریکی سفیروں کو ملک بدر کیا جائے، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو چاہئے کہ وہ توہین مذاہب کیخلاف فوری قانون سازی کرے، شعائراسلام کے تحفظ کیلئے مسلم ممالک کے حکمران غیرت ایمانی کا ثبوت دیتے ہوئے متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں، پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت اور مسلمان ممالک کا لیڈر ہونے کے ناطے امریکی جارحیت ختم کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 211035
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش