0
Friday 16 Nov 2012 22:19

ملک بھر میں اہل تشیع مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ قابل مذمت ہے،سنی تحریک

ملک بھر میں اہل تشیع مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ قابل مذمت ہے،سنی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک نے حضرت عمرفاروق کا یوم شہادت ملک گیر "یوم فاروق اعظم" کے طور پر منایا۔ اس سلسلے میں راولپنڈی، لاہور، کراچی،پشاور، کوئٹہ اور مظفر آباد سمیت ملک بھر میں سیدنا فاروق اعظم کانفرنسز، سیمینارز اور جلسوں کا اہتمام کیا گیا جبکہ علماء و مشائخ نے جمعہ کے اجتماعات میں حضرت عمر فاروق کے حالات زندگی پر روشنی ڈالی اور انھیں خراج تحسین پیش کیا۔ فاروق اعظم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی تحریک صوبہ پنجاب کے صدر محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ موجودہ تمام ملکی مسائل کا حل عمر فاروق کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں مضمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام فارمولے امن قائم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں، قیام امن، محبت و بھائی چارگی کو صرف تعلیماتِ صحابہ سے ہی پروان چڑھایا جا سکتا ہے، صحابہ کی زندگیاں تمام مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس دن مسلمانوں کو حضرت عمر فاروق کا غلام حکمران ملا اس دن پوری دنیا پر امن و محبت اور انصاف کی حکومت ہو گی، فاروقی عدالت میں کسی گستاخ رسول کیلئے کوئی رعایت نہ تھی۔

سنی تحریک لاہور ڈویژن کے صدر علامہ مجاہدعبدالرسول خان نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے محرم الحرام میں قیام امن کے لئے دہشت گردوں کے حامیوں کو گود میں بٹھا کر مشترکہ امن اعلامیہ جاری کر نے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پنجاب حکومت فرقہ پرستوں، شدت پسندوں اور دہشت گردوں کے حامیوں کو امن کمیٹیوں سے نکال کر محب وطن اور امن پسندوں کو خدمت کا موقع فراہم کرے، عوام مذہب کی آڑ میں سیاسی دکانداری چمکانے والوں کا محاسبہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ سنی تحریک حضرت عمر فاروق کے نقش قدم پر گامزن ہے اور ملک کو اسلامی فلاحی ریاست دیکھنا چاہتی ہے۔ پاکستان سنی تحریک لاہور سٹی کے صدر محمد طاہر قادری نے کہا کہ مذہبی منافرت پھیلانے والے ملک دشمن ہیں اور بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر ملک کے امن کو تہس نہس کرنا چاہتے ہیں  کالعدم تنظیموں اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اہل تشیع مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ قابل مذمت ہے، پاکستان کے اہل تشیع مسلمان محب وطن ہیں ان کے دشمنوں سے حکومت آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خطرہ صرف محرم الحرام میں ہی نہیں سال کے 12 مہینے ہی رہتا ہے، دہشت گردی کا خطرہ ہے کا راگ تو الاپا جا رہا ہے مگر دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے میں حکومت خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں کر سکی، عوام مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے سازشی عناصر پر نظر رکھیں، مسلمان آپس کے اتحاد و اتفاق سے یہود و نصاریٰ کی تمام سازشو ں کو ناکام بنا دیں، موجودہ دور میں امت کا اتحاد ضروری ہو چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 212420
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش