0
Friday 16 Nov 2012 15:11

دہشتگردی کا خطرہ محرم الحرام میں ہی نہیں سال کے 12 مہینے رہتا ہے، ثروت اعجاز قادری

دہشتگردی کا خطرہ محرم الحرام میں ہی نہیں سال کے 12 مہینے رہتا ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجازقادری نے کہا ہے کہ خلیفہ ثانی حضرت عمر فاروق عدل و انصاف کے پیکر تھے، وقت کے حاکم ہونے کے باوجود آپ نے خادم بن کر عوام کی خدمت کی۔ آپ 47 ممالک کے حاکم تھے، آپ کے عہد میں امن و امان کی صورتحال تاریخ کی عظیم مثال ہے، آپ کی زندگی اور دور خلافت عالم اسلام کے لئے مشعل راہ ہے، مغربی ممالک آپ کو ماڈل تصور کرتے ہیں اور آپ کے دور خلافت پر عمل کرتے ہوئے ترقی کی منازل طے کر رہے ہیں۔ مذہبی منافرت پھیلانے والے ملک دشمن ہیں جو اسلام کی روح سے بھی واقف نہیں جو اسلام اور ملک دشمن قوتوں کے اشاروں پر شہر کے امن کو تہس نہس کرنا چاہتے ہیں۔ کالعدم تنظیموں اور دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر عمر فاروق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشتگردی کا خطرہ ہے کا راگ تو الاپا جا رہا ہے مگر دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانے میں حکومت خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں کرسکی۔ دہشتگردی کا خطرہ صرف محرم الحرام میں ہی نہیں سال کے 12 مہینے ہی رہتا ہے، دہشتگرد بے گناہ عوام کو لقمہ اجل بنا کر فرقہ واریت کو ہوا دینا چاہتے ہیں کیونکہ وہ اپنے بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر ملک کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ عوام مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے سازشی عناصر پر نظر رکھیں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکمران خلیفہ ثانی کے عہد خلافت پر عمل درآمد کریں اور ان کے نقش قدم پر چلیں تو دہشتگردی سمیت ملک سے تمام مصنوعی بحرانوں کا خاتمہ ہوجائے گا اور مغربی ممالک کے اشاروں پر چلنے کی بجائے پاکستان خود کفیل ملک بن سکتا ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ حکمران اپنی نیت اچھی کرلیں اور حاکمیت کا لبادہ اتار کر صرف ملک و قوم کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروق کے دور خلافت میں کوئی زکوۃ لینے والا نہیں تھا اس کی وجہ گڈ گورننس، احتساب کا عمل، عدل و انصاف کی فراہمی تھا موجودہ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ دور خلافت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اسلام اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے جدوجہد کریں، پاکستان سنی تحریک سیدنا عمر فاروق کے نقش قدم پر گامزن ہے اور ملک کو فلاحی ریاست دیکھنا چاہتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 212292
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش