0
Saturday 17 Nov 2012 14:26

وزیر داخلہ غیر آئینی فیصلوں کے ذریعے عوام کے حقوق کو پامال کر رہے ہیں، ثروت اعجاز قادری

وزیر داخلہ غیر آئینی فیصلوں کے ذریعے عوام کے حقوق کو پامال کر رہے ہیں، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی منفی پالیسیوں کے باعث دہشتگرد ملک کے مختلف حصوں میں مضبوط ہوگئے ہیں، وزیر داخلہ غیر قانونی غیر آئینی فیصلوں کے ذریعے عوام کے حقوق کو پامال کر رہے ہیں، ٹارگٹڈ آپریشن، اسنیپ چیکنگ، ڈبل سواری پر پابندی کے باوجود امن کا قائم نہ ہونا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ حکمران دہشتگردوں کے سامنے بے بس ہیں، حکمران اپنی رٹ قائم کرنے کی بجائے احمقانہ فیصلے کر رہے ہیں، موٹر سائیکل پر پابندی، موبائل سسٹم کو جام کردینا یہ مسئلے کا حل نہیں ہیں، کراچی سمیت ملک بھر میں رٹ قائم کرنے کیلئے حکمرانوں کو اپنے قول و فعل میں تضاد ختم کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر رابطہ کمیٹی کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کراچی میں امن قائم کرنے کیلئے حکمرانوں کو مصلحت پسندی کے لبادے کو اتار کر پھینکنا ہوگا، حکومت سندھ قیام امن کیلئے فوری طور پر سیاسی و مذہبی جماعتوں کی کل جماعتی کانفرنس بلائے۔

پی ایس ٹی کے سربراہ نے کہا کہ دہشتگردی کون کر رہا ہے حکومت، خفیہ ادارے، پولیس انتظامیہ اس سے بخوبی واقف ہیں، دہشتگردی کو ناکام بنانے کیلئے ملک و قوم کے عظیم تر مفاد میں عملی ٹھوس فیصلے کرنا ہونگے، ملک کی تمام محب وطن اور امن پسند قوتیں دہشتگردی کو جڑ سے ختم ہوتا دیکھنا چاہتی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ، لاقانونیت کو ختم کرنے کیلئے سیاسی، انتظامی اور جدید سائنسی ٹیکنالوجی کے فارمولے کو استعمال اور امن پسند قوتوں کو ساتھ لے کر چلے تو دہشتگردی کا خاتمہ جلد ہوجائے گا، پاکستان سنی تحریک حکومتی مثبت فیصلوں کا نہ صرف ساتھ دیگی بلکہ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ملک دشمن قوتوں کے ناپاک مکروہ چہروں کو بھی عیاں کریگی۔
خبر کا کوڈ : 212589
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش