0
Sunday 18 Nov 2012 02:38

محرم الحرام اتحاد و وحدت اور امن و آشتی کا علمبردار ہے، جے ایس او کے مرکزی صدر کا پیغام محرم

محرم الحرام اتحاد و وحدت اور امن و آشتی کا علمبردار ہے، جے ایس او کے مرکزی صدر کا پیغام محرم
اسلام ٹائمز۔ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر ساجد علی ثمر نے اپنے پیغام محرم میں کہا ہے کہ محرم الحرام کا چاند اپنی آغوش میں درس حریت کا پیغام لئے ایک بار پھر افق پر ظاہر ہوگیا۔ یہ متبرک مہینہ اپنے اندر ایک پیغام ابدی و جاودانی سموئے ہوئے ہے، جسے سیدالشہداء اور آپ کے جاں نثار ساتھیوں نے اپنے خون سے ریگزار کربلا پر رقم کیا ہے۔ اس کتاب کے ہر ورق پر حق پر ثابت قدمی، باطل سے اظہار نفرت، عدل و انصاف کے قیام، انسانیت کی سربلندی، خواہشات نفسانی کی مخالفت اور اپنی جانوں کو پاک و پاکیزہ مقصد کی خاطر قربان کرنے کی داستانیں رقم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آج 1400 سال گزرنے کے باوجود بھی دنیائے انسانیت اس کتاب کربلا سے استفادہ کر رہی ہے۔ 

ساجد علی ثمر نے یاد دلایا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جس فرد، گروہ، جماعت یا قوم نے اس کتاب سے حقیقی استفادہ کیا، کامیابی نے اس کے قدم چومے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام اتحاد و وحدت، اخوت و بھائی چارے اور امن و آشتی کی فضا کے فروغ کا علمبردار ہے، کیونکہ یہ مہینہ سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام اور آپ کے باوفا ساتھیوں کی عظیم اور لازوال قربانیوں سے منسوب ہے اور سیدالشہداء علیہ السلام کسی خاص مسلک یا مکتب کے محسن نہیں ہیں بلکہ پوری انسانیت کے محسن ہیں اور وہی قومیں تاریخ میں زندہ اور لازوال رہتی ہیں، جو اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرتیں بلکہ ان کی یاد منا کر اپنے قلوب کو گرماتی ہیں۔
 
مرکزی صدر جے ایس او نے کہا کہ ہمیں چاہئیے کہ ہم عزاداری کو اس کی حقیقی روح کے مطابق منائیں، تاکہ اس سے دوسروں میں عزاداری کی طرف جاذبیت پیدا ہو، اور وہ بھی اس سے استفادہ حاصل کرسکیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی موجودہ حالات میں جب کہ ہر طرف عزاداران سیدالشہداء علیہ اسلام کے خلاف امریکی و یہودی ایجنٹ صف آراء ہیں، ہمیں چاہئیے کہ ہم اپنے جذبات کو قابو میں رکھتے ہوئے صبرو تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور موجودہ حالات و واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی ہوشمندی کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا دشمن چاہتا ہے کہ ہمیں اپنی مدبّر اور باصلاحیت قیادت سے دور کرکے ہمارے جذبات کو بھڑکا کر ہماری توانائیوں کو ضائع کرے، اس لئے ہمیں دانشمدی کا ثبوت دیتے ہوئے دشمن کی ان تمام سازشوں کو خاک میں ملانا ہوگا۔ تاکہ ہم کار امام حسین علیہ السلام اور کار جناب زینب سلام اللہ علیہا کی بہترین تصویر بن سکیں۔ جنہوں نے ہر قدم پر کوئی جذباتی قدم اٹھانے کے بجائے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور پیغام کربلا سے انسانیت کو بہترین طریقے سے روشناس کرایا۔
خبر کا کوڈ : 212781
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش