0
Sunday 18 Nov 2012 14:27

محمد حسین محنتی کی مسلم لیگ ن کے رہنما سلیم ضیاء سے ملاقات

محمد حسین محنتی کی مسلم لیگ ن کے رہنما سلیم ضیاء سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے مسلم لیگ ن کے رہنما سلیم ضیاء کی رہائش گاہ جاکر ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں رہنماؤں نے کراچی میں امن و امان کی ابتر صورتحال اور ووٹر لسٹوں میں ہونے والی بے قاعدگیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور امن کی بحالی و لسٹوں کی درستی کے لئے مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے عرفان مروت، جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکرٹری نسیم صدیقی، نائب امیر برجیس احمد، نصراللہ شجیع، ڈپٹی سیکرٹری مسلم پرویز اور سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔ ملاقات میں رہنماؤں نے کراچی میں جاری قتل و غارت گری، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس امر پر اتفاق کیا کہ مفاہمت کے نام پر دہشت گردوں سے مفاہمت کی پالیسی ترک کرکے مجرموں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے اور شہر میں قانون کی بالادستی قائم کی جائے۔ سلیم ضیاء نے جماعت اسلامی کے وفد کا خیر مقدم کیا اور شہر میں امن کے قیام کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ووٹر لسٹوں میں ووٹرز کا اندراج شناختی کارڈ پر موجود موجودہ پتے پر درج کرانے کے لئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ کراچی عملا ً مقتل گاہ بنا ہوا ہے، دن دیہاڑے معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے۔ شہر میں عملا ً دہشت گردوں کا راج ہے، اس صورتحال میں ہر درد مند محب وطن مضطرب اور پریشان ہے، جماعت اسلامی اس صورتحال پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتی، اس نے شہر میں امن کے قیام کے لئے تحریک چلانے اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تمام جماعتیں مل کر ہی شہر میں قیام امن کے لئے کردار ادا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے آج شہر پر حکمرانی کی جا رہی ہے اور اب آئندہ انتخابات میں بھی جعلی مینڈیٹ حاصل کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر ووٹر لسٹوں میں بے قاعدگیاں کی گئی ہیں، یہ ایک تشویشناک صورتحال ہے جس پر تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 212887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش